نئے صوبوں کی تشکیل مارچ تک مکمل ہونے کا امکان
قانونی ماہرین نے سیاسی جماعتوں کے ریفرنڈم بارے خدشات دور کرائے
(تجزیہ:سلمان غنی)
سیاسی جماعتوں کے درمیان نئے صوبوں کے قیام کے حوالہ سے غیر علانیہ اتفاق رائے کے بعد اسلام آباد میں ریفرنڈم کے انعقاد سمیت نئے صوبوں کے عمل کے ٹائم لائن پر غوروخوض جاری ہے اور اب تک کی مشاورتمیں طے پایا ہے کہ معاملہ آئندہ سینیٹ انتخابات سے قبل طے کرنا ہوگا، بصورت دیگر نئے صوبوں کو ایوان بالا میں آئینی اصولوں کے تناسب سے نمائندگی کے حوالہ سے تحفظات ہوسکتے ہیں جن سے مذکورہ عمل متاثر ہونے کا اندیشہ ہے ، نئے صوبوں کے حوالہ سے ریفرنڈم کے دسمبر وسط میں انعقاد بارے غورجاری ہے اور حتمی تاریخ کا اعلان آئندہ چند روز میں ہوسکتا ہے ، لہٰذا اس امر کا جائزہ لینا ضروری ہے کہ سیاسی جماعتوں کے ریفرنڈم بارے تحفظات کیسے دور ہوئے ، کیا سیاسی جماعتیں ریفرنڈم کے انعقاد میں معاون بنیں گی یا اس میں ان کا کردار خاموش ہوگا ۔ معلوم ہوا ہے کہ بڑی سیاسی جماعتوں میں ریفرنڈم کے انعقاد بارے خدشات قانونی ماہرین نے دور کرائے ہیں اور انہیں باور کرایا ہے کہ ریفرنڈم عوامی رائے جاننے کا ایک قانونی اور آئینی طریقہ ہے ، لہٰذا جب آئین میں نئے صوبوں کے قیام کا طریقہ کار موجود ہے تو اس سے انحراف کیسے آئینی ہوسکتا ہے ، ویسے بھی دیکھا جائے تو پیپلزپارٹی نئے صوبوں کے قیام کیلئے آئین میں وضع کردار کے طریقہ کار کی بات کر رہی ہے جس کے تحت صوبائی اسمبلیوں کی رضامندی ضروری ہے ، مسلم لیگ ن اور دیگرجماعتیں بھی پارلیمنٹ کے فورم کو بروئے کار لانے کا موقف رکھتی ہیں اور آئینی طریقہ کار پر عملدرآمد ہی نئے صوبوں کے قیام کے حوالہ سے ایک موثر پیش رفت ہوگی۔
، اس کے ساتھ دیکھنا ہوگاکہ کیا نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل سے نظام کی خرابیاں دور ہوپائیں گی،اس حوالہ سے اس حقیقت کا اعتراف بھی ضروری ہے کہ ایک طویل عرصہ تک پاکستان کی سیاسی جماعتیں جمہوری طرز حکمرانی کی حقیقی روح کے مطابق اختیارات اور وسائل نچلی سطح تک منتقل کرنے میں ناکام رہی ہیں ،جہاں تک ریفرنڈم کے انعقاد میں سیاسی جماعتوں کے کردار کا سوال ہے تو سیاسی جماعتیں نہ چاہتے ہوئے بھی اس ضمن میں پسپائی پر مجبور ہوئی ہیں ،حکمران جماعت مسلم لیگ ن اور حکومتی ذمہ داران کے بیانات سے ایک بات تو ظاہر ہو رہی ہے کہ ان کے اندر اب ریفرنڈم کے انعقاد بارے بڑی حد تک اتفاق رائے موجود ہے جبکہ پیپلزپارٹی کی جانب سے مشروط آمادگی کے باوجود ابھی ریفرنڈم کی عملی حمایت بارے تحفظات ہیں جو آنے والے چند روز میں دور ہوں گے ۔ اس کے علاوہ نئے صوبوں یا یونٹس کے قیام کو متنازعہ بنانے کی بجائے آئینی طریقہ کار اختیار کرنے پر سنجیدہ غوروخوض جاری ہے اور پیپلزپارٹی کے اس موقف کو اسلام آباد میں وزن دیا جا رہا ہے ، جہاں تک نئے صوبوں کے حوالہ سے ٹائم لائن کا سوال ہے تو اس پر سوچ بچار جاری ہے اور نئے صوبوں کے حوالہ سے 12، 14 اور 16 صوبوں کے قابل عمل ہونے پر بھی غوروخوض ہو رہا ہے ، لیکن یہ بات طے ہے کہ نئے صوبوں کے عمل کو آئندہ سال مارچ تک پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا ،اس لئے کہ نئی سینیٹ وجود میں آنے کے بعد نئے صوبوں کے حوالہ سے جاری عمل میں بعض تکنیکی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ ایک اہم حکومتی ذریعہ کے مطابق اگر ریفرنڈم کے حوالہ سے اعلان ہو جاتا ہے تو پھر پنجاب میں بلدیاتی انتخابات التوا میں پڑ سکتے ہیں، تاہم یہ ریفرنڈم کے اعلان اور تاریخ کے تعین کے ساتھ مشروط ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments