ستاروں پر کمند: پہلے پاکستانی کا تاریخی خلائی سفر:پاک فضائیہ کے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی آج صبح چین کے مشن ـ’شین ژو 24‘ کے ذریعے خلا کی وسعتوں میں سنہری باب رقم کر ینگے

 ستاروں پر کمند: پہلے پاکستانی کا تاریخی خلائی سفر:پاک فضائیہ کے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی آج صبح چین کے مشن ـ’شین ژو 24‘ کے ذریعے خلا کی وسعتوں میں سنہری باب رقم کر ینگے

ذیشان علی چین کے خلائی سٹیشن ’تیانگونگ‘پر قدم رکھنے والے پہلے غیر ملکی ، ایک ہفتہ قیام ، بائیو ٹیکنالوجی، خرد حیاتیات اور کششِ ثقل کی عدم موجودگی سے متعلق تجربات کرینگے میرے کندھے پر پاکستان کا نام ،سینے میں 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں اور خواب ہیں،40سالہ خلا باز کا روانگی پر پیغام،مشن کے سرکاری نشان میں قومی پھول چنبیلی بھی شامل

جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سنٹر، چین / اسلام آباد (دنیا رپورٹ )جس آسمان کی وسعتوں کو اقبالؒ کے شاہینوں کا نشیمن قرار دیا گیا تھا، آج پاکستان کا سبز ہلالی پرچم اسی کہکشاں کی دہلیز پر دستک دینے جا رہا ہے ۔ پاکستان فضائیہ کے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی چین کے تاریخی خلائی مشن ’شین ژو 24‘ کے ذریعے خلا کی وسعتوں میں پرواز کر کے ملک کی تاریخ کا ایک سنہری باب رقم کرنے جا رہے ہیں۔پاکستانی وقت کے مطابق آج صبح 5 بج کر 18 منٹ پر چین کے صحرائے گوبی میں واقع جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سنٹر سے ’لانگ مارچ ٹو ایف‘ راکٹ فضاؤں کا سینہ چیرتا ہوا روانہ ہوگا۔ اس تاریخی پرواز کے ساتھ ہی محمد ذیشان علی نہ صرف خلائی مدار میں جانے والے پہلے سرکاری پاکستانی خلا باز بن جائیں گے ، بلکہ انہیں چین کے خلائی سٹیشن ’تیانگونگ‘ پر قدم رکھنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہونے کا منفرد عالمی اعزاز بھی حاصل ہوگا۔

روانگی سے قبل میڈیا سے  گفتگو کرتے ہوئے 40 سالہ خلا باز محمد ذیشان علی کا جذبات سے بھرپور پیغام پوری قوم کے دلوں کی دھڑکن بن گیا:"میرے کندھے پر پاکستان کا نام اور سینے میں 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں اور خواب ہیں۔ زمین سے آسمان کی طرف دیکھنے والا ہر پاکستانی بچہ یہ یاد رکھے کہ میں ان کے خوابوں کو لے کر ان ستاروں کے درمیان جا رہا ہوں۔" محمد ذیشان علی اس مشن میں بطور پے لوڈ سپیشلسٹ شریک ہیں۔ وہ مشن کمانڈر تانگ ہونگبو اور فلائٹ انجینئر وو یی کے ہمراہ تقریباً ایک ہفتہ خلائی سٹیشن پر قیام کریں گے ، جہاں وہ بائیو ٹیکنالوجی، خرد حیاتیات اور کششِ ثقل کی عدم موجودگی سے متعلق اہم سائنسی تجربات انجام دیں گے ۔ ان کے نتائج موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے ، غذائی تحفظ اور صنعتی ترقی میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔سات ماہ کی کٹھن تربیت، سینٹری فیوج کے امتحانات اور چینی زبان سیکھنے کے مراحل طے کرنے کے بعد، آج جب محمد ذیشان علی خلائی جہاز میں سوار ہوں گے تو صرف ایک خلا باز نہیں، بلکہ ایک پوری قوم کا عزم زمین کی کششِ ثقل کو شکست دے کر ستاروں پر کمند ڈالے گا۔ مشن کے سرکاری نشان میں قدیم چینی ثقافت کی علامت ’جیڈ ہوانگ‘ کے ساتھ پاکستان کے قومی پھول چنبیلی کو جگہ دی گئی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...