وزرا ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی نہ کریں : شہباز شریف کی کابینہ ارکان کو ہدایت

 وزرا ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی نہ کریں : شہباز شریف کی کابینہ ارکان کو ہدایت

معاملات افہام وتفہیم سے آگے بڑھنے چاہئیں،بیان بازی سے منفی تاثر،تعمیر و ترقی سے توجہ ہٹتی،صوبائی حکومتوں کے نمائندے بھی مثبت بات چیت کو فروغ دیں: وزیراعظم ویئرہاؤسز میں 24 ارب کے بے ضابطگیاں :بریفنگ، ریکوریاں کی جائیں:شہباز شریف، گورنر خیبر پختونخوا ، محسن نقوی ،وزیراعظم آزاد کشمیر ،آذربائیجان کے وفد کی ملاقاتیں

اسلام آباد(نامہ نگار،دنیا نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے وزرا کی جانب سے حالیہ بیان بازی کا نوٹس لیتے ہوئے کابینہ ارکان کو ہدایت جاری کی ہے کہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے ، ہم سب کا فرض ہے کہ ہم سیاسی استحکام کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے ۔حکومت معاشی استحکام سے پائیدار معاشی ترقی کی جانب اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ الحمدللہ، پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر اور سفارتی محاذ پر بھی اللہ تعالیٰ نے متعدد اہم کامیابیوں سے نوازا ہے ۔وفاقی حکومت نے ہمیشہ تعمیر و ترقی کی سیاست کو فروغ دیا ہے ۔اس موقع پر میں،  وفاقی کابینہ کے تمام وزرا کو یہ ہدایات کرتا ہوں کہ ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی سے گریز کیا جائے ۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اراکین کے درمیان معاملات افہام وتفہیم اور اتفاق سے آگے بڑھنے چاہئیں۔وفاقی وزرا کے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے اور تعمیر و ترقی کی سیاست سے توجہ ہٹتی ہے۔

وفاقی کابینہ کے وزرا اچھا کام کر رہے ہیں اور ان کی توجہ صرف عوامی خدمت و تعمیر ترقی پر ہی رہنی چاہیے۔صوبائی حکومتوں کے نمائندے بھی ایسی بیان بازی سے گریز کریں اور مثبت بات چیت کو فروغ دیں۔دریں اثنا وزیراعظم کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا، شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ چیئرمین ایف بی آر کے کراچی اور لاہور کے دوروں اور وہاں کے تاجروں اور صنعت کاروں کے ساتھ ملاقاتوں کے ملک کی تجارت، برآمدات اور سرمایہ کاری پر مثبت نتائج مرتب ہوں گے ۔ وزیراعظم نے پاکستان کے ہوائی اڈوں پر کسٹم کلیئرنس، امیگریشن اور دیگر آپریشنز کو تیز تر بنانے اور پاکستان کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر سمارٹ سکیننگ سسٹم کو جلد فعال بنانے کی بھی ہدایت کی۔ بانڈیڈ ویئرہاوسز کے حوالے سے حال ہی میں کی گئی انکوائری کے نتیجے میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے ٹیکس بے ضابطگیاں سامنے آنے پر وزیراعظم نے بلاتفریق کارروائی اور ریکوری کی ہدایت دی۔اجلاس کو ایف بی آر کے مختلف آپریشنز کے متعلق بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ متعلقہ اداروں کی معاونت سے پاکستان کے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر سمارٹ سکیننگ کا سسٹم لگایا جا رہا ہے جس سے مسافروں کے سامان کو خودکار طریقے سے گرین چینل اور ریڈ چینل میں بھیجا جا سکے گا۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ جدید کارگو ٹریکنگ سسٹم پر بھی کام جاری ہے جس سے سیلز ٹیکس گیپ اور سمگلنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ کارگو ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے سامان کی ترسیل لوڈنگ سے ڈیلیوری تک ایک ہی ڈیجیٹل سسٹم سے منسلک ہو گی۔ یہ سسٹم ای-بلٹی ، رسک مینجمنٹ سسٹم ، فیلڈ انفورسمنٹ اور اینالیٹکس ڈیش بورڈ پر مشتمل ہوگا۔اس سسٹم کے بہتر نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے ایک سٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دی جارہی ہے جس میں صوبائی نمائندگی بھی ہوگی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے بانڈیڈ ویئر ہاؤسز کے آڈٹ کے دوران 24.4 ارب روپے کی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں اور اس حوالے سے قانونی طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے ریکیوریاں کی جارہی ہیں۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملک بھر میں دریائے سندھ کے پلوں پر انڈس کلکٹریٹ نے کام کا آغاز کر دیا ہے ۔ اس انفورسمنٹ کلکٹریٹ میں 856 سٹاف نے خدمات دینا شروع کردی ہیں اور اس کلکٹریٹ نے اب تک 302 کارروائیوں میں ایک ارب 84کروڑ 90 لاکھ روپے کی مالیت کی غیر قانونی اشیا قبضے میں لی ہیں۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملک میں سیلزٹیکس کی ریکوری بہتر بنانے کے حوالے سے ملک کی چار بڑی ٹیکس پیئر یونٹس ، کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان میں سیلز ٹیکس کے لئے الگ زونز بنائے جارہے ہیں۔پرال کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیٹا انٹیگرٹی کے ضمن میں کئی سافٹ ویئرز میں اضافی سکیورٹی فیچرز ڈالے جا چکے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ماضی میں فاٹا/پاٹا ٹیکس استثنیٰ کی آڑ میں ایف بی آر افسران کی جانب سے غیر مجاز کنزمپشن سرٹیفیکیٹس جاری کرنے پر ان افسران کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیمز کی جانب سے کراچی اور لاہور کے دوروں کی مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور کاروباری برادری کے بہت سے مسائل حل ہو رہے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف بی آر کراچی کی کورنگی انڈسٹریل سٹیٹ میں اپنا دفتر قائم کر رہا ہے تاکہ وہاں کے صنعت کاروں کو انکی دہلیز پر ایف بی آر کی سروسز فراہم کی جا سکیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی ، وزیراعظم نے صوبے میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے ، پائیدار امن اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وزیر اعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادر سکیورٹی فورسز اور خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کے نفاذ پر وفاقی حکومت مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

وزیراعظم نے خیبر پختونخوا کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں،وزیراعظم نے خیبر پختونخوا میں صحت اور تعلیم کے شعبوں سمیت سماجی ترقی کے اشاریوں میں بہتری پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کی سہولیات کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جائے ۔گورنر خیبر پختونخوا نے وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے گورنر اور خیبر پختونخوا ایڈوائزری کونسل کی جانب سے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ملاقات میں موجود تھے ۔مزید برآں شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سید افتخار گیلانی نے ملاقات کی ، شہباز شریف نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، عوام کی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے ۔پاکستان کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کے حصول تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر نے آزاد کشمیر کے حالیہ دورے پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

افتخار گیلانی نے وزیراعظم کو آزاد کشمیر میں حال ہی میں اعلان کردہ 100 روزہ ترقیاتی پروگرام میں پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔شہباز شریف سے آذربائیجان کے صدر کے ماتحت سٹیٹ ایجنسی فار پبلک سروس اینڈ سوشل انوویشنز کے چیئرمین علوی مہدیوف کی قیادت میں چار رکنی وفد نے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان عوامی خدمات کی فراہمی اور ڈیجیٹل نظام کے فروغ میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شہباز شریف نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر حکومتِ پاکستان قوم کی ہر بیٹی کی عزت و وقار اور مساوی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتی ہے ۔خواتین پر تشدد کے خلاف آج سے 16 روزہ آگاہی مہمِ کا آغاز بھی ہو رہا ہے ، جو 10 دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا عالمی سطح پر یہ مہم بلا شبہ خواتین کے تحفظ کے عالمی عزم کی عکاس ہے ۔ آئینِ پاکستان ریاست کو پابند کرتا ہے کہ وہ خواتین کی قومی زندگی کے تمام شعبوں میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...