یہ خلاباز کا نہیں،24کروڑ پاکستانیوں کا سفر،صدر،وزیر اعظم
اہم سنگ میل اور قومی فخر کا عظیم لمحہ ہے ،آصف زرداری ،بحفاظت واپسی کی دعا ستاروں سے آگے کا سفر شروع کر دیا:شہبازشریف، قوم کو مبارک ہو،اسحاق ڈار
اسلام آباد (دنیا نیوز،نامہ نگار،وقائع نگار) چینی خلائی مشن شین ژو 24 کے لئے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کے انتخاب پر صدر مملکت ،وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف ایک خلاباز کا سفر نہیں، بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں کا سفر ہے ،صدر آصف علی زرداری نے اسے ملک کے سائنسی سفر میں ایک اہم سنگ میل اور قومی فخر کا عظیم لمحہ قرار دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ یہ مشن پاکستان اور چین کے درمیان سائنسی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے نئے امکانات اور مواقع کے دروازے کھولے گا۔ صدر مملکت نے خلانوردوں کے لیے مشن کی کامیابی اور بحفاظت واپسی کی دعا بھی کی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ذیشان علی کی خلائی سفر پر روانگی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ آج پاکستان نے ستاروں سے آگے کا سفر شروع کر دیا ہے ، یہ ہماری نوجوان نسل، ہمارے سائنسدانوں اور ہمارے خوابوں کا سفر ہے۔پاکستان تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے جانے والا چین کے بعد دنیا کا پہلا ملک بنے گا۔ یہ پاکستان اور چین کی آہنی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اگر آج ایک پاکستانی خلائی اسٹیشن تک پہنچ سکتا ہے ، تو کل ایک پاکستانی چاند تک بھی پہنچے گا۔ ہماری منزل ستاروں سے آگے ہے ، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان خلائی تحقیق اور مشترکہ سائنسی ترقی کے میدان میں تاریخ رقم کرنے کی تیاری کر رہا ہے جس پر وہ پوری قوم اور سپارکو کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments