وزیر اعظم ،فیلڈ مارشل کا پاکستانی خلاباز سے رابطہ : نئی نسل کو عزم و حوصلہ ملا : شہباز شریف، چین سے دوستی اب بے حدو حساب : عاصم منیر، نوجوان سائنس و ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کریں : ذیشان

وزیر اعظم ،فیلڈ مارشل کا پاکستانی خلاباز سے رابطہ : نئی نسل کو عزم و حوصلہ ملا : شہباز شریف، چین سے دوستی اب بے حدو حساب : عاصم منیر، نوجوان سائنس و ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کریں : ذیشان

علم اور تجربہ سائنس و ٹیکنالوجی میں اہم باب کا اضافہ کریگا:وزیراعظم،نوجوانوں کیلئے قابل تقلید مثال،پاک چین سٹر ٹیجک شراکت داری کا مظہر:چیف آف ڈیفنس فورسز، سپارکو کا دورہ کیا خلائی سٹیشن پر پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز ، ذ مہ داریاں بہترین انداز میں ادا کرونگا، امید ہے آنیوالی نسل کے خلا باز ، انجینئرز ،سائنسد ان خلا میں مزید آگے سفر کریں گے :ونگ کمانڈر ذیشان

اسلام آباد (نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سپارکو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ پر موجود پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی سے ویڈیو کال پر براہ راست رابطہ کیا۔ شہباز شریف نے ذیشان علی کو تاریخی خلائی مشن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا آج کا دن پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لئے قابل فخر ہے، محنت، مقصد سے وابستگی، مسلسل کوششوں اور غیر متزلزل عزم نے ذیشان علی کو اس تاریخی مقام تک پہنچایا، ان کی کامیابی پاکستان کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کی عکاس ہے ،اس سے نئی نسل کو عزم و حوصلہ ملا،فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا چین کے ساتھ ہماری دوستی بے مثال ہے، ہم ہمیشہ کہتے ہیں کہ یہ دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے اور اب یہ دوستی کائنات کی وسعتوں کی طرح بے حد و بے حساب ہے ، ذیشان نے اپنے پیغام میں کہا نوجوان سائنس و ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کریں۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور چین کے سفیر بھی موجود تھے۔

شہباز شریف نے ونگ کمانڈر ذیشان علی سے گفتگو میں علامہ اقبال کے موقع کی مناسبت سے شعر ‘‘محبت مجھے ان جوانوں سے ہے ، ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند’’ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ ہم سب کو علامہ اقبال کے اس معروف شعر کی یاد دلاتا ہے ، ہم سب ایسے نوجوانوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ انہوں نے ایئر ونگ کمانڈر ذیشان علی کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی کامیابی نے اس نسل میں عزم و حوصلے کی نئی روح پھونک دی ہے جو حدود سے آگے بڑھنے ، نئی منزلیں تلاش کرنے اور محنت ، خلوص نیت ، مسلسل کوششوں اور غیرمتزلزل عزم کے ذریعے اپنی قوم کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے خواہشمند ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ ہماری دوستی کوہمیشہ ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہری قرار دیا جاتا رہا ہے ، آج یہ دوستی آسمانوں تک بلند ہو گئی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ تاریخی خلائی مشن ایسے وقت میں انجام دیا گیا ہے جب ہمارے دونوں عظیم ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں ، اس دیر پا دوستی کو خراج تحسین پیش کرنے کا اس سے بہتر انداز اور نہیں ہو سکتا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے چین کے صدر شی جن پنگ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی بصیرت افروز قیادت اور پاکستان چین دوستی کے لئے غیر متزلزل عزم نے ہماری ہر موسم میں آزمودہ تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو بے مثال بلندیوں تک پہنچایا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے آئرن برادر چین نے اپنے خلائی پروگرام میں پاکستان کو پہلا غیر ملکی شراکت دار بننے کا اعزاز عطا کیا ہے ، یہ بے مثال اقدام ہمیشہ پاکستان کے عوام کے دلوں اور ذہنوں میں نقش رہے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ذیشان علی کے پر خلوص اور پرجوش کلمات سن کر فخر اور مسرت محسوس کر رہے ہیں ، ان کا خلاسے پیغام ہمارے نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ہے اور ان میں سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے نئی روح پھونک دے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس تاریخی اور شاندار موقع پر چیئرمین سپارکو ان کی ٹیم ، چین کی سپیس ایجنسی اور ان سے وابستہ تمام افراد کو اس عظیم کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے ذیشان علی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خلا میں پاکستان کے انسانی خلائی مشنز کے آغاز کی نمائندگی کر رہے ہیں ، آپ جو علم اور تجربہ لے کر واپس آئیں گے وہ پاکستان کی سائنس، ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی کے حصول کی کوششوں میں ایک اہم باب کا اضافہ کرے گا، آپ ہمارا فخر ہیں ، آپ کا یہ سفر اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ پاکستان اس یقین پر قائم ہے کہ خلا کو پرامن مقاصد اور دنیا بھر کی انسانیت کی اجتماعی فلاح وبہبود کے لئے استعمال ہونا چاہئے ، آپ اپنے باصلاحیت چینی بھائیوں کے ساتھ جو سائنسی تجربات انجام دے رہے ہیں وہ صرف پاکستان نہیں بلکہ عالمی برادری کے مجموعی سائنسی علم میں بھی اضافہ کریں گے ۔ وزیراعظم نے ذیشان علی کے خلا میں قیام کے دوران بہترین صحت اور ان کی باحفاظت وطن واپسی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا جبکہ ذیشان علی کے چینی ہم سفر خلا بازوں کے لئے بھی پاکستانی عوام کی جانب سے صحت ، سلامتی اور اس عظیم مشن کی کامیابی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم ذیشان علی کی عظیم کامیابی کے بعد با حفاظت وطن واپسی کی بے تابی سے منتظر ہے ، اللہ کے فضل و کرم اور بہترین ٹیم ورک کے ذریعے ہم اس تاریخی سنگ میل کو بنیاد بنا کر مزید بلندی حاصل کریں گے ۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ چین کے خلائی سٹیشن پر پاکستانی خلا باز کی موجودگی ہماری آزمودہ اور دیرینہ تذویراتی شراکت داری کا قابل فخر مظہر ہے ، حقیقتاً چین کے ساتھ ہماری دوستی بے مثال ہے ، ہم ہمیشہ کہتے ہیں کہ یہ دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے اور اب یہ دوستی کائنات کی وسعتوں کی طرح بے حد و بے حساب ہے ۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کے عوام بالخصوص پاکستان کی مسلح افواج آپ پر فخر کرتی ہیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ ذیشان علی کی خلا میں موجودگی پاکستان کے نوجوانوں کے لئے علامہ اقبال کے ویژن کی عملی تعبیر ہے ، انہوں نے علامہ اقبال کے نوجوانوں سے متعلق تصور کو حقیقت کا روپ دیا ہے ، ان کی کامیابی پاکستان کے نوجوانوں کے لئے ایک قابل تقلید مثال ہے ۔

خلائی سٹیشن سے پاکستان کی سویلین اور عسکری قیادت سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے ایئر ونگ کمانڈر ذیشان نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لئے ایک عظیم اعزاز ہے ، زمین کے مدار میں 7.9 کلو میٹر فی سکینڈ کی رفتار سے سفر کرتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لئے باعث فخر ہے ، میں نہ صرف پہلا پاکستانی خلا باز ہوں بلکہ چین کے خلائی سٹیشن میں داخل ہونے والا پہلا بین الاقوامی خلا باز بھی ہوں۔ انہوں نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے محبت بھرے کلمات اور پوری قوم کی نیک تمنائوں پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں پوری کوشش کر رہا ہوں کہ اپنی ذمہ داریاں اور سائنسی تحقیق کا کام پوری قوم کی توقعات کے مطابق انجام دوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی قوم کے نوجوانوں کے لئے یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ آج پاکستان کے بہادر مرد وخواتین زمین ، سمندر اور فضا میں ملک و قوم کی خدمت سر انجام دے رہے ہیں جبکہ اسی وقت ایک پاکستانی خلا باز بھی زمین سے 400 کلو میٹر بلندی پر اپنے سینے پر سبز ہلالی پرچم سجائے پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہے ، یہ ہمارے لئے ایک عظیم اعزاز ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ ملک کے نوجوانوں کو یہ پیغام بھی دیتے ہیں کہ وہ تعلیم کے فروغ اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مہارت حاصل کرنے کو اپنا مقصد بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آنے والی نسل کے خلا باز ، انجینئرز اور سائنسد ان خلا میں مزید آگے سفر کریں گے اور انسانیت کی بہتری کے لئے کائنات کے مزید اسرار دریافت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی طرح وہ بھی چین کے صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے شینژو 24 کے مشترکہ خلائی مشن کی کامیاب روانگی پر خصوصی طور پر تیانگونگ خلائی سٹیشن کے لئے مبارکباد کا پیغام ارسال کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے کلمات اور نیک تمنائیں بڑی حوصلہ افزائی ہے جس سے انہیں چین کے خلائی سٹیشن پر اپنے چینی ہم سفر خلا بازوں کے ساتھ سائنسی تحقیق کا کام ا نجام دینے میں مزید حوصلہ ملے گا، ہم پاکستان اور چین کی دوستی کو مزید بلند مقام تک لے جانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...