خیبر پختونخوا، گورنر راج میں توسیع کیلئے حکومتی وفد کی بلاول سے ملاقات : صدر زرداری لاہور میں محسن نقوی سے ملنے گئے

خیبر پختونخوا، گورنر راج میں توسیع کیلئے حکومتی وفد کی بلاول سے ملاقات : صدر زرداری لاہور میں محسن نقوی سے ملنے گئے

اسحاق ڈار ،رانا ثنا اللہ، طارق فضل،بلال اظہر کیانی کے ہمراہ چیئرمین پیپلزپارٹی سے ملے ، پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس ،قانون سازی کے ممکنہ ایجنڈے پر بات چیت صدر آصف زرداری سے وفاقی وزیرداخلہ کی ملاقات میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد کی شرکت، نئے صوبے ،ریفرنڈم،فضل الرحمن کا معاملہ بھی زیر بحث آیا

لاہور، اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا میں گورنر راج میں توسیع کیلئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی قیادت میں حکومتی وفد نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے ملاقات کی جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری لاہور میں محسن نقوی سے ملنے گئے جہاں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھی شریک ہوئے ۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت حکومتی وفد زرداری ہاؤس اسلام آباد پہنچا، سپیکر ایاز صادق، مشیر وزیر اعظم رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر طارق فضل اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی بھی ہمراہ تھے ۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے ساتھ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے معاملے اور توسیع پر بھی بات ہوئی کیونکہ 11 دسمبر کو اس کی مدت ختم ہورہی ہے ۔پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی نوید قمر بھی ملاقات میں شریک تھے۔

پیپلز پارٹی کے اعلامیہ کے مطابق بلاول بھٹو اور حکومتی وفد کے درمیان پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس اور قانون سازی کے ممکنہ ایجنڈے پر گفتگو کی گئی، بلاول بھٹو نے اسحاق ڈار سے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر چھاپے کے معاملے کا ذاتی طور پر نوٹس لینے کی درخواست کی جبکہ ملاقات میں جے یو آئی سربراہ کے اہل خانہ سے مبینہ ناروا سلوک کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری گلبرگ میں وزیرداخلہ محسن نقوی کی رہائش گاہ پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی شریک تھے ، تینوں رہنمائوں کی ملاقات 35 منٹ تک جاری رہی جس دوران نئے صوبوں سے متعلق بات چیت کی گئی جبکہ ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملک احمد خان نے محسن نقوی اور صدر پاکستان سے نئے صوبوں سے متعلق ریفرنڈم پر بات چیت کی، جے یو آئی اور مولانا فضل الرحمان کے معاملات پر بھی گفتگو کی گئی جس کے بعد آصف زرداری روانہ ہو گئے۔ یاد رہے کہ صدر مملکت نے ایک روز قبل چودھری شجاعت سے بھی ملاقات کی تھی جس میں صوبوں سمیت مختلف سیاسی امور پر مشاورت کی گئی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری سے ریفرنڈم پر بات نہیں ہوئی، بلاول نے پارلیمنٹ میں بطور اتحادی اپنا کردار ادا کرتے رہنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔بلاول نے کہا ہے وہ چاہتے ہیں کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے ۔ ملاقات میں کشیدگی یا تلخی والا ماحول نہیں تھا۔ بلاول نے میثاق جمہوریت کا ذکر کیا، اسحق ڈار نے کہا میثاق جمہوریت کے ساتھ میثاق معیشت بھی ہونا چاہیے ۔ ایک سوال پر طارق فضل نے کہا کہ ریفرنڈم عوام سے براہ راست رائے لینے کا نام ہے ۔ تاحال حکومت نے ریفرنڈم کے حوالے سے کوئی تاریخ طے نہیں کی ہے ۔ ریفرنڈم صوبے بنانے کے لیے آئین میں درج طریقہ کار کا متبادل نہیں ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...