اسلام آباد : مولانا فضل الرحمان کےزیر استعمال رہائشگاہ سیل، اہل خانہ منتقل : پولیس نے بیٹے کو گرفتار کرنیکی تردید کردی

اسلام آباد : مولانا فضل الرحمان کےزیر استعمال رہائشگاہ سیل، اہل خانہ منتقل : پولیس نے بیٹے کو گرفتار کرنیکی تردید کردی

سی ڈی اے نے گھر خالی کرنے کیلئے 30 منٹ کی مہلت دی،ظلم و جبر میں شہباز شریف حکومت نے تمام ریکارڈ توڑ دئیے :ترجمان جے یو آئی (ف) لودھراں پولیس نے جے یو آئی سربراہ کا قافلہ روک لیا،صوبائی رہنما سمیت 17 گرفتار، بلاول بھٹو کا مولانا فضل الرحمن سے رابطہ ،اظہاریکجہتی

 اسلام آباد ،لاہور ،بھیرہ ،ملتان(خصوصی رپورٹر، نمائندگان دنیا، مانیٹرنگ ڈیسک)کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے )نے اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے زیر استعمال رہائش گاہ کو سیل کردیا اور ان کے اہلخانہ وہاں سے منتقل ہوگئے ، دوسری طرف مولانافضل الرحمن کے بیٹے اسجد محمود کو گرفتار کرنے کے بعد مبینہ طور پر رہا کر دیا گیا تاہم اسلام آباد پولیس نے گرفتاری کی تردید کر دی جبکہ لودھراں کے قریب پولیس نے موٹر وے پر مولانا فضل الرحمٰن کے قافلے کو روک صوبائی سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احرار سمیت 17 افراد کو حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے )نے جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی اسلام آبادکے سیکٹر جی 6/4 میں واقع زیراستعمال رہائش گاہ کو سیل کر دیا ، یہ اقدام ملکیت کے ضوابط کی خلاف ورزی پر جائیداد مالک امان اللہ کے نام منتقلی منسوخ کیے جانے کے بعد جاری کیا گیا، متعلقہ مجسٹریٹ نے مکان کو سیل کیا اس سے قبل مولانا فضل الرحمن کے اہل خانہ کو گھر خالی کرنے کیلئے 30 منٹ دئیے گئے تھے ۔ ذرائع نے بتایا کہ گھرپرموجود مولانافضل الرحمن کے بیٹے اسجد محمود کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ گھر سیل کیے جانے سے پہلے ہی دیگر اہل خانہ وہاں سے جا چکے تھے جبکہ وفاقی پولیس نے مولانا فضل الرحمن کے بیٹے کی گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے سوشل میڈیا پر مولانا اسجد محمود کی گرفتاری سے متعلق گردش کرنے والی خبر بے بنیاد اور جھوٹی ہے، مولانا اسجد محمود کو گرفتار کیا نہ ہی اس سلسلے میں کوئی کارروائی کی ،عوام غیر مصدقہ خبروں کو آگے نہ پھیلائیں۔

قبل ازیں ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کے بیان کے مطابق حکومتی فسطائیت کا سلسلہ جاری ہے اور مولانا اسجد محمود کو گرفتار کرلیا گیا ،انتظامیہ نے اہل خانہ کوگھر سے نکال کر اسے سیل کردیا ،ظلم و جبر میں شہباز شریف حکومت نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ، ہم صبر وتحمل سے جبر کا مقابلہ کریں گے ۔ دریں اثناء جے یو آئی (ف )کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایسا کسی قانون میں نہیں ہوتا کہ آدھے گھنٹے میں گھر خالی کروایا جائے ، مجھے بتایا گیا مجسٹریٹ کہہ رہے ہیں افغانیوں کو نکالنا ہے ، کیا مولانا فضل الرحمن یا ان کے اہلخانہ افغانی ہیں؟۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے کہا تھا ہم راولپنڈی اسلام آباد میں غیر ملکی مہمانوں کے احترام میں احتجاج نہیں کریں گے۔

جمعیت علمائے اسلام(ف)کی رکنِ قومی اسمبلی شاہدہ اختر علی نے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے گھر بچے اور ایک معذور خاتون موجود تھیں، انہیں بے دخل کر کے گھر کو سیل کر دیا گیا،مرد پولیس اہلکاروں نے خواتین ارکانِ قومی اسمبلی کو دھکے دئیے ، وہ ہمیں اشتعال دلانا چاہتے ہیں ۔دوسری طرف ترجمان اپوزیشن اتحاد اخوانزادہ حسین یوسفزئی ،پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ہمایوں خان اور دیگر رہنما اظہار یکجہتی کیلئے مولانافضل الرحمن کی رہائش گاہ کے باہر پہنچ گئے ۔ اس موقع پر اخوانزادہ حسین یوسفزئی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مولانا فضل الرحمن آئین کی بحالی کی لڑائی لڑ رہے ، گھر سیل کرنے اورمولانا اسجد کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں، وزیراعظم خلائی مشن کی بات کر رہے تھے زمین پر آکر دیکھیں یہاں کیا ہو رہا ہے۔

پی پی رہنمائ ہمایوں خان نے کہا کہ رہائش گاہ کو جس طرح سیل کیا اور فیملی کو وہاں سے نکالا گیا یہ نامناسب اورقابل مذمت ہے، وزیر اعظم معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائیں جبکہ سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی ندیم افضل چن نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال نہ کیا جائے ، مولانا کے بیٹے کو گرفتار کرنا انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت عمل ہے، اس وقت ملک کو توڑنے نہیں، جوڑنے اوراکٹھا کرنے کی ضرورت ہے ۔ دریں اثناء میڈیا ذرائع کا کہنا ہے جے یو آئی(ف)کے سینیٹر کامران مرتضیٰ ساتھیوں سمیت مولانا اسجد سے ملاقات کیلئے تھانہ سیکرٹریٹ گئے اور وہاں پولیس افسروں کے ساتھ مذاکرات کئے جس کے بعد مولانا اسجد محمود کو رہا کر دیا گیا اوروہ واپس اپنی رہائش گاہ پہنچ گئے ۔ادھر پولیس نے لودھراں کے قریب موٹر وے پر مولانا فضل الرحمٰن کے قافلے کو روک کرصوبائی سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احرار سمیت 17 افراد کو حراست میں لے لیا اور سربراہ جے یو آئی کے ذاتی استعمال کی گاڑی سمیت چار گاڑیوں کو بھی تھانہ قریشی والا منتقل کردیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن کا قافلہ لاہور سے لاڑکانہ سندھ جا رہا تھا،مولانا فضل الرحمن پرائیویٹ گاڑی میں موقع سے نکل جانے میں کامیاب ہوگئے ۔پولیس کی بھاری نفری موٹروے انٹرچینج اور مولانا فضل الرحمن کی ملتان واقع دونوں رہائش گاہوں پر موجود رہی۔علاوہ ازیں سرگودھا کے تھانہ بھیرہ پولیس نے موٹر وے بند کرنے اور ہنگامہ آرائی کے الزامات پر مولانا فضل الرحمن کے بھائی سینیٹر مولانا عطاالرحمن سمیت 25 رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ۔دریں اثناء چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی، پی پی پی چیئرمین کو فضل الرحمن نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ سیل کرنے کے معاملے سے آگاہ کیا۔سربراہ جے یوآئی نے کہا کہ میرے صاحبزادے کو گرفتار کیا گیا، خواتین کو گھر سے باہر نکال کر ہراساں کیا گیا، پی پی پی چیئرمین نے مولانا فضل الرحمن سے یکجہتی کا اظہار کیا اورکہا کہ آپ کی رہائش گاہ سیل کرنے ، اہلخانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتا ہوں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...