مریم نواز نے تلہ گنگ کو ضلع بنادیا، 2 ارب کے فنڈز کا اعلان
نئے ضلع میں ڈپٹی کمشنراور ڈی پی او کی فوری تعیناتی کا حکم، ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال میں کیتھ لیب کاافتتاح جنوبی پنجاب میں3 سال کے دوران 80 برس سے زیادہ کام ہوئے ،عورت گھرکیساتھ صوبہ بھی چلاسکتی:وزیراعلیٰ جیل میں مجھے بھی ہراسمنٹ کا سامنا کرنا پڑا، آج پوری دنیا میں خود کو منوا لیا :ملتان میں خطاب، دورہ ہانگ کانگ پر روانہ
لاہور،ملتان(سٹاف رپورٹر،آئی این پی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گزشتہ روز دورہ تلہ گنگ کے دوران تلہ کنگ کو باقاعدہ ضلع بنادیا اورڈی سی تلہ گنگ اور ڈی پی او کی فوری تعیناتی اور انہیں چارج سنبھالنے کی ہدایت کردی جبکہ نئے ضلع کیلئے خصوصی طورپر 2 ارب روپے کے فنڈزجاری کرنے ،لاوا ٹمن سمیت دیگر ڈیم بنانے کابھی اعلان کردیا۔ انہوں نے تلہ گنگ کے مرکزی بازار میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی طرف سے تلہ گنگ کے عوام کو سلام پیش کرتی ہوں، عوام کودیکھ کر لگتا ہے جیسے ضلع بھر کی پوری آبادی آگئی ،آج یہاں تلہ گنگ بازار میں لوگوں کا سمندر دیکھ کر یقین ہوگیا کہ آپ کی بہن،بیٹی صحیح کام کررہی ہے ۔ مریم نواز نے کہاکہ ماضی میں تلہ گنگ کو ضلع بنانے کا جھوٹا وعدہ کیا گیالیکن جھوٹے وعدے کرنیوالوں کو تاریخ نے ملیا میٹ کردیا، اتنا خوبصورت تلہ گنگ دیکھ کر حیران رہ گئی ہوں۔تلہ گنگ میں 300کلو میٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و توسیع ہوئی،2سال میں تلہ گنگ کی تقدیر اور بھی بدلے گی۔
مریم نواز نے تلہ گنگ کے مرکزی بازارکے بیوٹیفکیشن پراجیکٹ، روڈز پراجیکٹس کا افتتاح،تلہ گنگ میں تاریخ کی پہلی الیکٹرو بس سروس کا آغاز کردیا۔ علاوہ ازیں مریم نواز نے ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال میں کیتھ لیب کاافتتاح کردیااور اس موقع پر کیتھ لیب کے مختلف شعبوں، فارمیسی کا معائنہ کیا ،انہوں نے کنسول روم سے انجیوپلاسٹی کا مشاہدہ کیا اورزیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور حوصلہ دیا ۔ علاوہ ازیں مریم نواز گاڑی سے اتر کر عوام کے ہجوم کے پاس پہنچ گئیں اور انہوں نے سکیورٹی کو ہٹا کر بزرگ خاتون کو بلا کر گلے لگا لیا۔دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب نے دی ویمن یونیورسٹی ملتان کے آٹھویں کانووکیشن کی تقریب میں شرکت کی اور طالبات سے خصوصی خطاب میں خواتین کی معاشی خودمختاری کو حقیقی بااختیاری کی مضبوط بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنا کاروبار خود کرتی ہیں اور انہیں اپنے والد کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑتا، عورت گھر کے ساتھ ملک اور صوبہ بھی چلا سکتی ہے ، سابق دورِ حکومت میں جیل میں مجھے بھی ہراسمنٹ کا سامنا کرنا پڑا، آج پوری دنیا میں خود کو منوا لیا ، پنجاب کی عالمی سطح پر پذیرائی ہو رہی ہے ۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کی ایک یونیورسٹی میں اتنی بڑی تعداد میں تعلیم یافتہ بیٹیاں بیٹھی ہیں اور یہی اصل بہار ہے، ساڈھیاں دھیاں ساڈا مان ہیں اور ان بچیوں کے والدین سپر ہیرو ہیں جن کی قربانیاں قابلِ ستائش ہیں، طالبات صرف گھر بیٹھنے کے بجائے اپنی صلاحیتوں کو ملک کی فلاح و ترقی کے لیے بروئے کار لائیں۔ پنجاب حکومت ایک لاکھ گوگل فری سرٹیفکیٹ دے رہی ہے اور کاروبار کرنے کی خواہشمند خواتین کو بلاسود قرضے بھی فراہم کیے جا رہے ہیں ،جن کے پاس وسائل نہیں، ان کی دہلیز تک وسائل پہنچانا ان کا مشن ہے ۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ٹاپ لیول تک سفارش کلچر کا خاتمہ کر کے وائس چانسلرز اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کی تقرری میرٹ پر یقینی بنائی گئی ہے۔ انہوں نے ننکانہ صاحب کے ڈی سی اور ڈی پی او کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈ دینے کا بھی اعلان کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی بیٹیوں، ماں اور بہنوں کے لیے محفوظ پنجاب بنا دیا اور کسی بھی خاتون کے ساتھ ظلم و زیادتی ناقابلِ برداشت ہے ،تمام خواتین ویمن سیفٹی ایپ ڈائون لوڈ کر یں اور خطرے یا ہراسانی کی صورت میں پینک بٹن یا 15 پر فوری کال کریں،والدین بھی بچیوں کی مدد کریں اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کردار ادا کریں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ تین سال میں جنوبی پنجاب میں جتنے کام ہوئے اتنے 80 سال میں نہیں ہوئے ، جو ترقی لاہور میں ہو رہی وہی ملتان، لیہ، خانیوال اور جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی ہو رہی ہے ۔ طالبات ترقی کا دیا جلائے رکھیں، ان کی ماں مریم نواز پوری قوت سے ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سرکاری دورے پر ہانگ کانگ روانہ ہو گئیں ،نوبیل سسٹینل ابیلیٹی ٹرسٹ نے پنجاب میں ماحولیاتی تحفظ کیلئے اقدامات کے اعتراف میں مریم نواز کو مدعو کر رکھا ہے ،وہ ہانگ کانگ میں 30 نومبر کو منعقدہ نوبیل سسٹینل ابیلیٹی ٹرسٹ فیسٹیول میں شرکت کریں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments