شہادت پیش نہ کرنے پر عدالت مقدمے کا فوری فیصلہ کرسکتی ہے : سپریم کورٹ
عدالتیں مقدمات غیر معینہ مدت تک زیر التوا نہیں رکھ سکتیں، تاخیر کے ذمہ دار فریقین اور وکلا بھی ہیں:فیصلہ جاری غفلت یا بدعنوانی پر وکلا کے خلاف بار کونسلز ایکٹ کے تحت کارروائی ہو سکتی:لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر درخواست مسترد
اسلام آباد (اے پی پی) ضابطہ دیوانی کے آرڈر 17 رول 3 کے تحت اگر کوئی فریق بار بار مواقع ملنے کے باوجود اپنی شہادت پیش کرنے میں ناکام رہے تو عدالت مقدمے کا فوری فیصلہ کر سکتی ہے، عدالتیں گواہوں یا شہادت کے انتظار میں غیر معینہ مدت تک مقدمات زیر التوا نہیں رکھ سکتیں، غیر ضروری التوا سے عدالتی وقت ضائع کرنے والے فریق کو اپنی غفلت کا ذمہ دار خود ہونا چاہیے ۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ مقدمات میں تاخیر کی ذمہ داری صرف عدلیہ پر عائد نہیں کی جا سکتی بلکہ فریقین اور ان کے وکلا بھی غیر ضروری التوا اور شہادت پیش نہ کرنے کے باعث تاخیر کے ذمہ دار ہیں۔ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اقبال سلیمی کی لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے اپیل کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا درخواست گزار کو شہادت پیش کرنے کے متعدد مواقع دیئے گئے اور ہر مرتبہ آخری موقع دینے کی تنبیہ بھی کی گئی لیکن وہ شہادت پیش کرنے میں ناکام رہا۔ فیصلے میں کہا گیا عدالتیں مقدمات کا فیصلہ معقول مدت میں کرنے کی پابند ہیں اور فریقین یا ان کے وکلا کو محض غیر ضروری التوا کے ذریعے عدالتی وقت ضائع کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ وکیل کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے موکل کی شہادت بروقت پیش کرانے ، گواہوں کی حاضری یقینی بنانے اور ضروری دستاویزات عدالت میں جمع کرانے کے اقدامات کرے ۔ وکیل کی پیشہ ورانہ غفلت یا بدعنوانی کے باعث موکل کو نقصان پہنچنے کی صورت میں حالات کے مطابق قانونی پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسلز ایکٹ 1973 کے تحت تادیبی کارروائی بھی ہو سکتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments