پنجابی ماں بولی ہماری پہچان، فروغ کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا : عطا تارڑ
پنجابی زبان کی ترقی و ترویج کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے ، آئندہ کانفرنس اسلام آباد ہونی چاہیے :وفاقی وزیراطلاعات پنجابی زبان کا تاریخی ، ادبی ورثہ محفوظ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے :ملک محمد احمد ، چوتھی پنجابی کانفرنس سے خطاب
لاہور (سیاسی نمائندہ،سٹاف رپورٹر سے ، دنیا نیوز، اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پنجابی ماں بولی ہماری پہچان ہے ، اس کے فروغ کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا،پنجاب کی تاریخ، تہذیب اور دانش کو دنیا کے سامنے پیش کرنا کانفرنس کا مقصد ہے، پنجابی زبان کی ترقی اور ترویج کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے ، بھگت سنگھ پنجاب کی دھرتی کا بہت بڑا ہیرو ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پنجابی زبان کا تاریخی اور ادبی ورثہ مستند حوالوں کے ساتھ محفوظ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں چوتھی بین الاقوامی پنجابی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر نے تقریب میں موجود دلجیت پال سنگھ برا، اشوک بھورا، ناصر ڈھلوں ،احمد رضا پنجابی، افضل ساحر، گربریت سنگھ دگا اور دیگر شخصیات کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سکھ برادری کے نمائندوں اور دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کے ساتھ ملاقات ان کے لیے باعث مسرت ہے، ہر معاملے میں کانفرنس کے منتظمین کے ساتھ کھڑے ہیں،پنجابی زبان کے فروغ کے لیے وزارتِ اطلاعات و نشریات اور پاکستان ٹیلی ویژن بھرپور تعاون کریں گے ،پنجابی زبان کیلئے سانجھ چینل شروع کرنے کی تیاری مکمل ہے، پنجاب اسمبلی کے سپیکر کی جانب سے پنجابی زبان کیلئے اعلانات خوش آئند ہیں۔
عطا اﷲتارڑ نے کہا کہ پنجابی زبان کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنانے کی بھرپور سفارش کریں گے ، بھگت سنگھ کی خدمات اور جدوجہد کو نئی نسل تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے ،پاکستان میں سکھ برادری کے مقدس مقامات موجود ہونا ہمارے لیے باعث اعزاز ہے، سکھ زائرین کو ویزا سہولیات میں مشکلات پیش نہیں آنی چاہئیں۔ عطا اﷲنے منتظمین کو دعوت دی کہ وہ کانفرنس کے اختتام پر اپنے مطالبات اور تجاویز پر مشتمل جامع چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کریں ، اس پر عملدرآمد کروایا جائے گا، آئندہ اس نوعیت کی کانفرنس اسلام آباد میں منعقد کی جانی چاہیے ۔ ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پنجاب کی جدید شناخت کو سمجھنے کے لیے اس خطے کی تاریخ، زبان اور تہذیبی ورثے کا مطالعہ ضروری ہے، پنجابی شاعری نے ہمیشہ مزاحمت، محرومیوں اور معاشرتی ناانصافیوں کی عکاسی کی ۔
سپیکر ملک محمد احمد خاں نے پنجابی زبان پر تحقیق کرنے والے محققین کے لیے مستقل تحقیقی فنڈز اور وظائف کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ زبان کے فروغ کے لیے قائم تحقیقی اداروں اور علمی منصوبوں کو مستقل بنیادوں پر آگے بڑھانا ہوگا ،ہمیں اپنی زبان، ثقافت اور شناخت پر فخر ہونا چاہیے ،سیاسی تاریخ کو سمجھنے کے لیے واقعات، شخصیات اور ان کے کردار کا غیر جانب درانہ جائزہ لینا بھی ضروری ہے ۔ادھر یونیورسٹی آف لاہور میں فورتھ انٹرنیشنل یوتھ سمٹ پاکستان سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ کورین ثقافت نے موسیقی، ڈراموں اور جدید تفریح کے ذریعے دنیا بھر میں اپنی پہچان بنائی، بی ٹی ایس اور بلیک پنک جیسے بینڈز عالمی سطح پر مقبول ہوئے ، پاکستان کو بھی اپنی ثقافت دنیا بھر میں متعارف کرانے کے لیے کوریا کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے ۔ وفاقی وزیر عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں،تاکہ پاکستانی ثقافت اور فنون کو بھی عالمی سطح پر متعارف کرایا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments