خیبر پختونخوا : فورسز کے آپریشن، 4 مطلوب خوارج سمیت 11 دہشتگرد ہلاک
ڈیرہ اسماعیل خان میں کلیم جان، ٹانک میں طاہر عرف ملنگ، واحد عرف درویش نامی سرغنہ مارے گئے ہنگو میں ہلاک دہشتگرد کی خلفان کے نام سے شناخت ،ڈی ایس پی سمیت 10 اہلکاروں کی شہادت میں ملوث
ڈیرہ اسماعیل خان،ہنگو(نیوز ایجنسیاں)خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز، محکمہ انسداد دہشتگردی اور پولیس کے آپریشن میں 4مطلوب خوارج سمیت 11 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں کیے گئے آپریشن کے دوران اہم خارجی سرغنہ کلیم جان سمیت دو خارجی ہلاک ہوئے جبکہ ضلع ٹانک کے علاقے جنڈولہ میں سکیورٹی فورسز کی ایک اور کارروائی میں انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ طاہرعرف ملنگ اور خارجی سرغنہ واحد عرف درویش سمیت 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔ہنگو میں کمپنی روڈ کے قریب نیلم پہاڑ کے مقام پر تھانہ صدر کی حدود میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم اتحاد المجاہدین پاکستان (آئی ایم پی) سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 35 سے 40 منٹ تک جاری رہا، ہلاک دہشتگردوں کے دیگر ساتھی فائرنگ کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ، جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ ہلاک دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت خلفان احمد ولد نظیر احمد، سکنہ بنوں کے نام سے ہوئی ہے ، جبکہ دیگر دو دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے ۔ پولیس کے مطابق خلفان احمد دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث اور سی ٹی ڈی کو مطلوب تھا۔حکام کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گرد ڈی ایس پی دیار خان سمیت 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت اور 15 سے زائد اہلکاروں کو زخمی کرنے کے واقعات میں ملوث تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے تین ایس ایم جیز اور نو میگزین بھی برآمد ہوئے جب کہ فائرنگ سے سرکاری گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments