چاغی : مائننگ سائٹ سے اغوا 6 گارڈز کی لاشیں برآمد، نوشکی سے 11 مزدور اغوا

چاغی : مائننگ سائٹ سے اغوا 6 گارڈز کی لاشیں برآمد، نوشکی سے 11 مزدور اغوا

ان سکیورٹی گارڈز کی لاشیں صحرائی علاقے سے ملی ہیں ،تعلق پنجاب ، سندھ، کے پی اور اوستہ محمد سے بتایا جاتا ہے نوشکی میں سکول کی تعمیر پر کام کرنیوالے مزدو روں میں نو کا تعلق سکھر اور جیکب آباد سے ، دو مزدور نوشکی کے رہائشی

 کوئٹہ (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک )بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین کے قریب ایک مائننگ سائٹ سے اغوا ہونے والے 6 سکیورٹی گارڈز کی لاشیں صحرائی علاقے سے مل گئیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔ دوسری جانب ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک سرکاری سکول میں تعمیراتی کام کرنے والے 11 مزدوروں کو اغوا کر لیا ہے ۔چاغی کی ضلعی انتظامیہ کے ایک عہدے دار نے بتایا کہ لاشیں دالبندین کے علاقے ڈھڈر تالو اور خرگوشکان کے درمیان ایک صحرائی علاقے سے بر آمد کرلی گئیں۔ ایدھی سینٹر میں غسل اور کفن کے بعد سنیچر کی علی الصبح لاشیں ان کے آبائی علاقوں کی طرف روانہ کر دی گئیں مقتولین میں سے پانچ کی شناخت ثواب خان، عبدالمرجان، ساحل محمد، ولی محمد اور مبارک خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ان کا تعلق پنجاب کے ضلع میانوالی، خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور اور کرک، سندھ کے ضلع خیرپور اور بلوچستان کے ضلع اوستہ محمد سے بتایا جاتا ہے مقامی ذرائع کے مطابق یہ افراد ایک سکیورٹی کمپنی کے ملازم تھے انہیں 18 نومبر کو مسلح افراد نے اس وقت اغوا کیا جب انہوں نے کان کے کیمپ میں داخل ہو کر وہاں موجود مشینری کو آگ لگا دی۔ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے 21 نومبر کو جاری کیے گئے بیان میں اغوا کی ذمہ داری قبول کی تھی تنظیم نے 27 نومبر کو ایک اور بیان میں چھ مغوی سکیورٹی گارڈز کو قتل کرنے کی ذمہ داری بھی قبول کی ۔تنظیم کا دعویٰ ہے کہ باقی پانچ مغوی تاحال ان کی قید میں ہیں۔

ادھر نوشکی میں 11 مزدوروں کے اغوا کی اطلاعات ہیں۔ نوشکی پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ یہ مزدور نوشکی سے تقریباً 25 کلومیٹر دور احمدوال تھانے کی حدود میں واقع کلی بٹو میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کی چار دیواری تعمیر کر رہے تھے ۔ اطلاعات کے مطابق دس سے زائد مسلح موٹر سائیکل سوار وہاں پہنچے اور مزدوروں کو اپنے ساتھ نامعلوم مقام کی طرف لے گئے ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان مزدوروں میں سے نو کا تعلق سندھ کے شہروں سکھر اور جیکب آباد سے ہے جبکہ دو مزدور نوشکی کے رہائشی ہیں ، پولیس کے مطابق ٹھیکیدار کو کوئٹہ سے بلایا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...