فٹ بال ہیروز کی دنیا
لیاری کا اعلیٰ تعلیم یافتہ فٹ بال کوچ جاوید عرب
کراچی (امتیاز نارنجا) لیاری جسے فٹبال کا گڑھ کہا جاتا ہے وہاں سے بے شمار عظیم کھلاڑیوں نے جنم لیا لیکن بدقسمتی سے ان میں سے اکثریت زیور تعلیم سے محروم تھی۔ جاوید عرب کا شمار لیاری کے ان انٹرنیشنل کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جو تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ فٹبال کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے کوچنگ پر اپنی توجہ مرکوز رکھی اور جدید کوچنگ سے آگاہی ان کی اوّلین ترجیح رہی۔ جاوید عرب نے 15مئی 2013کو اپنی 43ویں سالگرہ منائی۔ نور محمد بورل قصر قندی کے اس فرزند نے باغ ہلال اسکول سے میٹرک کرنے کے بعد اردو سائنس کالج سے امتیاز ی نمبروں سے گریجویشن کیا۔ 12سال کی عمر سے فٹبال کھیل کا آغاز کیا اور جس کلب سے اس نے اپنا فٹبال کیرئیر شروع کیا وہ مشہور زمانہ بغداد اسپورٹس لیاری ہے جس نے عبداﷲ راہی، قادر بخش، علی نواز، عبدالطیف، سلیم عرب اور عباس بلوچ جیسے عظیم الشان کھلاڑیوں کو متعارف کرایا۔ بڑے بھائی انٹرنیشنل سلیم عرب سے بنیادی کوچنگ حاصل کی ۔ عمدہ کھیل کی بدولت جلد ہی انہیں بغداد اسپورٹس کی سینئر ٹیم میں جگہ مل گئی۔ 1987میں جب ان کی عمر صرف 17سال تھی تو انہیں سندھ گیمز میں کراچی ڈویژن کی نمائندگی کا موقع ملا اور اسی سال وہ پاکو فٹبال ٹیم سے منسلک ہوگئے لیکن انہیں اس محکمے میں شامل ہوئے ابھیسات ماہ ہی ہوئے تھے کہ حبیب بینک نے انہیں پیشکش کر دی اور یوں وہ حبیب بینک منتقل ہوگئے، جہاں سے انہیں عروج حاصل ہوا ۔ جاوید عرب نے 1988 تا 1994 پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس دوران ایشین کپ کوالیفائر، ورلڈ کپ کوالیفائر، بارسلونا اولمپکس کوالیفائر، سیف گیمز میں انہیں قومی کلر زیب تن کرنے کے ناقابل فراموش مواقع حاصل ہوئے۔ اس دوران کراچی کے نامور کھلاڑی سلیم عرب، قاسم سومار، نواز رحمن، عبدالخالق، ماما عمر و دیگر کھلاڑی ان کے ساتھ کھیلے جبکہ قاضی اشفاق، شرافت علی، ہارون یوسف، ظفر اقبال، طارق حسین جیسے عظیم کھلاڑیوں کا دست شفقت ان کے سر پر رہا۔ عبدالطیف (حبیب بینک) سے جاوید عرب بے حد متاثر تھے اور عبدالطیف نے جاوید کی بہت زیادہ راہنمائی بھی کی۔ حبیب بینک سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کے بعد جاوید عرب نے فری لانس اکیڈمی لیاری میں قائم کی اور نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت کا سلسلہ شروع کیا جو کافی عرصے جاری رہا۔ بعد ازاں کراچی یونائیٹڈ فٹبال فاؤنڈیشن جہاں انڈر15بچے ماہر کوچز کے زیر نگرانی تربیت حاصل کرتے ہیں ان کی نظر انتخاب جاوید عرب پر پڑی اور ڈائریکٹر کوچنگ عدیل رزکی نے جاوید عرب کی خدمات حاصل کیں اور یوں جاوید عرب نے پروفیشنل کوچنگ میں قدم رکھا۔ انہیں کراچی یونائیٹڈ سینٹرز کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے اور جن کی اعلیٰ صلاحیتوں کی بدولت کراچی یونائیٹڈکوچنگ کے شعبے نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے۔