فٹ بال ہیروز کی دنیا
پاکستان کے بہترین گولڈ میڈلسٹ ڈیفینڈر محمود خان
کراچی (امتیاز نارنجا) 20مارچ1981کو حاجی محمد علی کے گھر ڈسٹرکٹ قلعہ عبداﷲ کے شہر چمن میں ایک گول مٹول اور خوبصورت بچے نے جنم لیا جس کا نام اس کے والدین نے محمود خان رکھا۔ حاجی محمد علی اپنے بیٹے کو اعلیٰ تعلیم یافتہ دیکھنا چاہتے تھے اس لئے انہوں نے اسے سینٹ میری ہائی اسکول کوئٹہ میں داخل کرایا جہاں سے محمود خان نے میٹرک کا امتحان پاس کیا۔ بعد ازاں جنرل موسیٰ کالج سے انٹر اور ڈگری کالج کوئٹہ سے بی ایس سی کی ڈگری حاصل کی۔ بڑے بھائی بھی فٹبالر تھے اس لئے فٹ بال کھیل کا شوق گھر ہی سے پروان چڑھا۔ محمود خان نے اسکول کے زمانے ہی سے فٹبال کھیل کو اپنا لیا اور ملی افغان فٹبال کلب کوئٹہ سے کلب کی سطح پر فٹبال کیریئر شروع کیا۔ محمود خان1996تا 2003ملی افغان، افغان اسپورٹس کوئٹہ اور افغان کلب چمن کی ٹیم کا حصہ رہے۔ سوئی سدرن گیس کوئٹہ سے اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز کیا اور اپنی اعلیٰ صلاحیتوں کی بدولت جلد ہی نیشنل بینک کی ٹیم کا حصہ بن گئے۔ فٹبال کھیل کے علاوہ محمود خان کی دلچسپی ایتھلیٹکس اور گھڑسواری میں بھی رہی لیکن فٹ بال کھیل کو ہمیشہ اوّلیت حاصل رہی۔ ابتداء میں محمود خان گول کیپر کی پوزیشن پر کھیلتے نظر آئے لیکن جلد ہی انہوں نے اپنی پوزیشن تبدیل کی اور ایک ٹھوس ڈیفینڈر کا روپ دھار لیا اور نیشنل بینک کی دفاعی لائن میں آہنی دیوار کی حیثیت ان کی شناخت بنی۔ سابق قومی کپتان ہارون یوسف ان کے ہمیشہ آئیڈیل رہے ۔ محمود خان کی کوشش ہوتی تھی کہ وہ بھی ہارون یوسف کی طرح قومی ٹیم کی نمائندگی کریں اور انہی کی طرح اپنے کھیل کی بنیاد پر خوب نام کمائیں۔ محمود خان آج بھی اپنے فٹ بال کیریئر میں9ویں سیف گیمز 2004کو فراموش نہیں کرسکے ہیں جب اسلام آباد میں پاکستان نے بھارت کو فائنل میں شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا۔ محمود خان کا نام بھی پاکستان کے ان عظیم الشان کھلاڑیوں میں شامل ہوا جنہوں نے پاکستان کیلئے گولڈمیڈل حاصل کیا۔ محمود خان اپنے فرسٹ ٹرینر عدیل اعوان کے آج بھی ممنون ہیں جن کی ابتدائی تربیت نے انہیں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا۔ پاکستان کے پہلے فیفا انسٹرکٹر طا رق لطفی کو محمود خان اپنا فیورٹ کوچ مانتے ہیں۔ محمود خان کو پاکستان کی جانب سے اے ایف سی چیلنج کپ، سیف کپ، سیف گیمز، پہلے اسلامک گیمز ، ایشین کپ کوالیفائر اور ورلڈ کپ کوالیفائر کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ محمود خان قومی ٹیم کا کلر زیب تن کرکے بھارت، افغانستان، بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا، مالدیپ، بحرین، تھائی لینڈ، ملائیشیا، مراکش، عراق ، کرغزستان اور کویت کا دورہ کرچکے ہیں۔ محمود خان 2010میں کوالالمپور میں ای ایف سی بی لائسنس کوچنگ کورس کی بھی کامیاب تکمیل کرچکے ہیں۔ لائسنس کے حصول کے بعد توقع کی جا رہی تھی کہ انہیں پی ایف ایف ایڈ27 کوچنگ پینل میں اہم مقام مل جائے گا لیکن انہیں ایڈ 27سے فارغ کردیا گیا۔ اسی دوران ویتنام سے انہیں کلب کوچنگ کی پُرکشش پیشکش موصول ہوئی اور اب وہ ویتنام کلب کی کوچنگ کر رہے ہیں۔2008میں آل پاکستان این بی پی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں اپنے ادارے نیشنل بینک کی جانب سے ہیٹ ٹرک بنانے والے محمود خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سرزمین باصلاحیت فٹبالرز سے بھری پڑی ہے۔ ان گوہر نایاب کو تراشنے کیلئے دیانتدار اور فٹبال کھیل سے مخلص انتظامیہ کی ضرورت ہے جو ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے اور انہیں وہ مقام دلائے جس کے وہ مستحق ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments