ورلڈ کپ کے دوران کرکٹرز کے اہلخانہ کو ساتھ رکھنے پر پابندی

ورلڈ کپ کے دوران کرکٹرز کے اہلخانہ کو ساتھ رکھنے پر پابندی

کھلاڑیوں کیلئے سخت ضابطہ اخلاق تیار تیار ،انگلینڈ میں مقیم عزیز واقارب سے ملاقات کیلئے بھی ٹیم انتظامیہ سے اجازت لینے کے پابند ہونگے میڈیا منیجر کی غیر موجودگی میں انٹرویو کیلئے بھی اجازت درکار ، کرکٹرز کو انگلینڈ روانگی سے قبل اینٹی کرپشن اور ڈوپنگ سے متعلق لیکچرز دئیے جائیں گے

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی سی بی نے آئندہ ماہ شروع ہونے والے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے سخت ضابطہ اخلاق تیار کرلیا ہے جس کے تحت میگا ایونٹ کے دوران اہلخانہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ قومی کرکٹرز کو انگلینڈ روانگی سے قبل اینٹی کرپشن اور ڈوپنگ سے متعلق لیکچرز بھی دیئے جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق انگلش ٹور اور ورلڈ کپ کے دوران کھلاڑی نجی تقریبات میں شرکت کے علاوہ غیر متعلقہ افراد سے ملاقات نہیں کر سکیں گے جبکہ انہیں عزیز و اقارب سے ملنے کیلئے اجازت لینا ہوگی۔تمام پلیئرز سے ان کے ایجنٹس کی فہرست طلب کی جائے گی جنہیں میڈیا منیجر کی عدم موجودگی میں انٹرویوز اور دیگر بات چیت کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ لازم ہوگا کہ وہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص سے رابطے کی صورت میں ٹیم منیجر کو آگاہ کریں۔ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل تمام قومی پلیئرز کو باور کرادیا گیا ہے کہ وہ انگلینڈ کیخلاف سیریز تک اپنی فیملی کے افراد کو ساتھ رکھ سکتے ہیں تاہم ورلڈ کپ کے دوران انہیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں ہو گی تاکہ وہ میگا ایونٹ پر مکمل فوکس کر سکیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اہلخانہ پر پابندی کا مقصد کسی بھی نئے تنازع سے بچنا ہے کیونکہ خاندان کے افراد کی موجودگی میں نظم و ضبط کے علاوہ دیگر مسائل بھی جنم لے سکتے ہیں جس کے نتیجے میں میڈیا کی جانب سے دباؤ بڑھ سکتا ہے ۔یاد رہے کہ کپتان سرفراز احمد کی فیملی ساتھ لے جانے کی درخواست بھی مسترد کردی گئی ہے جن کا موقف تھا کہ فیملی کے ساتھ ہونے سے پلیئرز ریلیکس رہتے ہیں جن پر دباؤ ختم ہو جاتا ہے اور انہیں ایسا نہیں لگتا کہ فیملی کی موجودگی سے کارکردگی میں فرق آسکتا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں