کورونا وائرس,سپورٹس شخصیات پلیئرز کے مالی مسائل حل کرنے میں مدد گار

 کورونا وائرس,سپورٹس شخصیات پلیئرز کے مالی مسائل حل کرنے میں مدد گار

جہانگیر خان نے سکواش ریکٹ،اصلاح الدین نے ورلڈ کپ فائنل کی ہاکی سٹک اور سرفراز احمد نے چیمپئنز ٹرافی کایادگار بیٹ نیلامی کیلئے پیش کردیا حاصل ہونے والی رقم سے کورونا وائرس کے باعث موجودہ صورتحال میں متاثرہ کھلاڑیوں اور گراؤنڈ سٹاف میں راشن بیگزتقسیم کئے جائیں گے

کراچی(سپورٹس رپورٹر)کھیلوں کے میدان سنسان ہو جانے کے بعد شدید مالی مشکلات سے دوچار مختلف کھیلوں کے کھلاڑیوں کیلئے سپورٹس کی سابق اور حالیہ شخصیات مدد گار بن گئیں،جہانگیر خان نے برٹش اوپن فائنل میں استعمال شدہ ریکٹ،اصلاح الدین نے ورلڈ کپ فائنل کی ہاکی سٹک اور سرفراز احمد نے چیمپئنز ٹرافی کا یادگار بیٹ نیلامی کیلئے پیش کردیا، حاصل ہونے والی رقم سے کورونا وائرس کے باعث موجودہ صورتحال میں متاثرہ کھلاڑیوں اور گراؤنڈ سٹاف میں راشن بیگزتقسیم کئے جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق برسوں کی محنت کے بعد پی سی بی سمیت ملک کی دیگر سپورٹس تنظیموں اور فیڈریشنز کی ملک میں بین الاقوامی کھیلوں کی بحالی کا سلسلہ کورونا وائرس کے نتیجے میں ایک مرتبہ پھر رک گیا ہے اور اس مرتبہ کھیلوں کے میدان سنسان ہونے کے منفی اثرات نچلی سطح تک دراز ہو گئے ہیں جس کے باعث نیشنل لیول پر کھیلنے والے مختلف کھیلوں کے کھلاڑی شدید مالی بحران سے دوچار ہو گئے جن کیلئے روز مرہ زندگی کی اشیائے صرف کا حصول بھی ناممکن ہو گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اور پی ایچ ایف نے اپنے زیر معاہدہ اور دیگر کھلاڑیوں کو ٹریننگ کا شیڈول دے کر گھروں تک محدود کردیا ہے لیکن ان کے مالی مسائل کی جانب فوری توجہ دینے کی زحمت بھی نہیں کی اور ڈومیسٹک سطح کے اکثر کھلاڑی معمول کے معاوضوں اور تنخواہوں سے بھی محروم ہیں جن کو اس بات کا بھی کوئی علم نہیں ہے کہ وہ میدان میں کب اتریں گے اور ان کی زندگی کس طرح معمول پر واپس آئے گی۔کرکٹ اور ہاکی کے علاوہ دیگر کھیلوں کے مقامی ایونٹس کو ملتوی یا منسوخ کئے جانے کے باعث بیروزگاری اور مالی مسائل سے دوچار کھلاڑیوں کیلئے ماضی اور حال کے بہت سارے کھلاڑی میدان میں اتر آئے ہیں جنہوں نے نا صرف وزیراعظم کے کورونا وائرس فنڈ میں عطیات جمع کرائے ہیں بلکہ انفرادی طور پر بھی مقامی کھلاڑیوں کی معاونت کا فرض نبھانے کیلئے ان کی کوششیں جاری ہیں جبکہ مقامی سطح پر فلاحی کاموں میں مصروف تنظیموں اور اداروں نے بھی ضرورت مند کھلاڑیوں کی معاونت کیلئے کمر کس لی ہے اوربھرپورطریقے سے کام کررہے ہیں۔سکوائش کے لیجنڈ کھلاڑی جہانگیر خان نے برٹش اوپن کے فائنل میں استعمال ہونیوالا اپنا دستخط شدہ ریکٹ،اولمپیئن اصلاح الدین صدیقی نے ارجنٹائن کے شہربیونس آئرس میں منعقدہ ورلڈ کپ 1978 فائنل میں فیصلہ کن گول کیلئے استعمال شدہ ہاکی سٹک اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے چیمپئنز ٹرافی2017میں استعمال کیا گیا یادگار بیٹ کراچی سپورٹس فورم کو عطیہ کردیا ہے ۔تنظیم کے چیف آرگنائزر وسیم ہاشمی کے مطابق ماضی اور حال کے نامور کھلاڑیوں کے زیر استعمال اشیا کو نیلام کر کے حاصل ہونے والی آمدنی سے وہ مزید راشن بیگز کا انتظام کر کے مستحق کھلاڑیوں اور گراؤنڈ سٹاف میں تقسیم کریں گے جبکہ ان کی مالی معاونت کا سلسلہ بھی جاری رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں