دولت کا بیوپارکورونا کے آگے لاچار,انڈین پریمیئر لیگ ملتوی

دولت کا بیوپارکورونا کے آگے لاچار,انڈین پریمیئر لیگ ملتوی

مختلف ٹیموں کے کھلاڑیوں اور عملے میں کورونا کی تشخیص کے بعد لیگ کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا،بی سی سی آئی کا ہنگامی اجلاس میں متفقہ فیصلہ کھلاڑیوں، سپورٹ سٹاف اور منتظمین کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتے ،فیصلہ تمام سٹیک ہولڈرز کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا،بھارتی بورڈ

ممبئی(سپورٹس ڈیسک)انڈین پریمیئر لیگ کی مختلف ٹیموں کے کھلاڑیوں اور عملے کے ارکان میں کورونا کی تشخیص کے بعد لیگ کے 2021 سیزن کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا۔لیگ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ کی گورننگ کونسل اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ہنگامی اجلاس میں فوری طور پر آئی پی ایل 2021 سیزن کو ملتوی کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا۔بیان میں کہا گیا کہ \'بھارتی کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں، سپورٹ سٹاف اور آئی پی ایل کے انعقاد میں شامل دیگر افراد کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتا جبکہ یہ فیصلہ تمام سٹیک ہولڈرز کی صحت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے ۔آئی پی ایل انتظامیہ نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ، لیگ میں شریک تمام کھلاڑیوں کی بحفاظت واپسی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بائیوسکیور ببل کے باوجود دو کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد لیگ کے جاری رہنے پر سوالات کھڑے ہوگئے تھے ۔کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ورون چکرورتی اور سندیپ واریئر کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کے بعد کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور ویرات کوہلی کی رائل چیلنجرز بنگلور کا میچ آغاز سے چند گھنٹے قبل منسوخ کردیا گیا تھا۔یہ 9 اپریل کو آئی پی ایل کے آغاز کے بعد پہلا موقع تھا کہ ایونٹ کے بائیو سکیور ببل میں کوئی کووڈ 19 کا کیس رپورٹ ہوا، ایونٹ کے آغاز سے قبل نتیش رانا، اکشر پٹیل اور دیودت پڈیکل وائرس کا شکار ہوئے تھے ۔بعد ازاں باؤلنگ کوچ لکشمی پتھی بالاجی سمیت چنائی سپر کنگز کے سکواڈ کے تین اراکین کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا جس کے بعد پوری ٹیم کو آئسولیٹ کردیا گیا۔خیال رہے کہ آئی پی ایل کے تمام میچز بند دروازوں کے پیچھے ہوئے تھے لیکن 3آسٹریلین کھلاڑیوں کے ٹورنامنٹ چھوڑ کر جانے کے بعد منتظمین اس بات کو یقینی بنا رہے تھے کہ باقی غیر ملکی کھلاڑی \'مکمل محفوظ\' رہیں۔آسٹریلوی حکومت کی جانب سے بھارت سے آنے والوں پر سفری پابند عائد کئے جانے سے قبل ایڈم زمپا، اینڈریو ٹائی اور کین رچرڈسن اپنی، اپنی آئی پی ایل ٹیموں کو چھوڑ کر واپس چلے گئے تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں