کیوی بورڈ دورہ منسوخ کرنے پر جواز تراشنے لگا

کیوی بورڈ دورہ منسوخ کرنے پر جواز تراشنے لگا

پی سی بی کو دورے کے خاتمے کی مختصر وجوہات سے آگاہ کردیا،تفصیل نہیں بتاسکتے ، فیصلہ سکیورٹی ماہرین اور آزاد ذرائع کی مشاورت سے کیا ،ڈیوڈ وائٹ اطمینان پر سیریز کھیلنے پاکستان گئے مگراچانک صورتحال بدل گئی ،پلیئرزکیلئے خطرات کی اطلاع پر واپسی کے علاوہ کوئی چارہ نہ تھا ،سی ای او کیوی بورڈ

آکلینڈ (سپورٹس ڈیسک)نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے پاکستان کیخلاف ہاہمی سیریز کے خاتمے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے کیوی ٹیم کیلئے مخصوص اور مصدقہ خطرہ کی اطلاع ملنے کے بعد پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔ کیوی ٹیم پاکستان کیخلاف سیریز کھیلنے کیلئے پرعزم تھی کیونکہ اس سے قبل پاکستان میں سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ اور خطرات سے نمٹنے کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا تھالیکن جمعے کے روز ہر چیز بدل گئی، اس حوالے سے دی گئی ہدایات اور ممکنہ خطرے کے پیش نظر حالات بھی تبدیل ہوئے ۔ا نہوں نے کہا کہ پی سی بی کو فیصلے سے فوری طور پر آگاہ کردیاتھا تاہم مخصوص تفصیلات نہیں دی گئی تھیں اور نہ ہی عوامی سطح پر اس کو جاری کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ہو م سیریز کی منسوخی سے پی سی بی کو ڈیڑھ کروڑ ڈالرز کا نقصان ہواہے ۔ڈیوڈ وائٹ کے مطابق ہمیں معلوم ہے کہ یہ پی سی بی کیلئے انتہائی مشکل وقت ہے لیکن ہمارے پاس دورہ منسوخ کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا۔ ڈیوڈ وائٹ کے مطابق وہ خود اس کے علاوہ کیا کہہ سکتے ہیں کہ ہمیں جو ہدایات ملیں وہ ٹیم کو درپیش ممکنہ خطرے سے متعلق ایک ذمہ دار اور انتہائی محتاط ذریعے سے ملنے والی رپورٹس کا نتیجہ تھیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کرنے سے قبل نیوزی لینڈ کی حکومت کے ساتھ کئی دفعہ مشاورت کی ، بدقسمتی سے ہمیں مشورہ دیا گیا کہ تھریٹ موصول ہوا ہے اور پاکستان میں ٹھہرنے کا کوئی جواز نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ دورے کی منسوخی نیوزی لینڈ کرکٹ کے سکیورٹی ماہرین کے ساتھ دیگر آزاد ذرائع کی مشاورت سے ہوئی۔ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکرگزار ہوں کہ ٹیم کی بحفاظت واپسی میں مدد کی گئی۔ڈیوڈ وائٹ کے مطابق کیوی ٹیم دورہ پاکستان کے ابتدائی فیصلے پر مطمئن تھی کیونکہ یہ فیصلہ سکیورٹی صورت حال اور خطرات کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں