افغان اسسٹنٹ کوچ پاکستان کیخلاف سیریز جیت کر شاداں

افغان اسسٹنٹ کوچ پاکستان کیخلاف سیریز جیت کر شاداں

شارجہ(اسپورٹس ڈیسک)افغان اسسٹنٹ کوچ رئیس احمد زئی پاکستان کیخلاف سیریز جیت کر بے پناہ خوش ہیں جن کا کہنا ہے ۔

کہ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں دو،ایک سے کامیابی ایک نیا جذبہ بیدار کرے گی کیونکہ درجہ بندی میں بہتر ٹیم کو مات دینا بڑی بات ہے ۔واضح رہے کہ یہ دو ہزار اٹھارہ میں بنگلہ دیش اور دو ہزار انیس میں ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے بعد تیسرا موقع ہے کہ افغانستان نے زمبابوے اور آئرلینڈ کے سوا کسی مکمل رکن کیخلاف سیریز جیتنے کا اعزاز پایا ہے تاہم پاکستان کیخلاف سیریز آئی سی سی ٹور پروگرام کا حصہ نہیں تھی بلکہ اس کا انتظام افغانستان کی آسٹریلیا کیخلاف سیریز کی منسوخی کے بعد کیا گیا تھا۔پاکستان نے افغان سائیڈ کیخلاف اپنے سینئر کھلاڑیوں بابر اعظم،محمد رضوان، حارث رؤف،فخر زمان اور شاہین آفریدی کو ریسٹ کرایا مگر خوشی کے عالم میں رئیس احمد زئی نے اس حقیقت کو تسلیم کرنے کے بجائے اپنی کامیابی کا جشن مناتے ہوئے یہ کہنے سے گریز نہیں کیا کہ پاکستانی کھلاڑی پی ایس ایل میں رنز بنانے کے ساتھ وکٹیں حاصل کر کے یہاں آئے تھے لیکن وہ انٹرنیشنل سطح پر افغان بالرز کا مقابلہ نہ کر سکے جنہوں نے کنڈیشنز کا زیادہ بہتر طور پر فائدہ اٹھایا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ کسی سرفہرست ملک کیخلاف خاص کامیابی تھی جس سے متاثر ہو کر مزید افغان نوجوان کھیل کی جانب راغب ہوں گے ۔رئیس احمد زئی کے مطابق افغان سائیڈ نے اس سیریز سے کافی کچھ سیکھا ہے اور پاکستان کے ساتھ کھیل کے میدان میں رقابت بھی کھیل کے اعتبار سے اچھی بات ہے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں