قومی ٹیم کا کپتان صرف بابر اعظم کو ہونا چاہئے ،سلیم یوسف
کراچی(اسپورٹس ڈیسک) سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر سلیم یوسف نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کا نائب کپتان شاہین آفریدی ہو یا شاداب خان کوئی فرق نہیں پڑتا ۔۔
لیکن کپتان صرف بابر اعظم کو ہی ہونا چاہئے جو بہترین کپتان ہیں اور بہتر ہوگا کہ ان کو ہی اس منصب پر برقرار رکھا جائے ۔سلیم یوسف کے مطابق یہ بات ہی سمجھ سے بالاتر ہے کہ کپتانی کی تبدیلی کی باتیں اچانک آتی کہاں سے ہیں جب سب کچھ ٹھیک چل رہا ہوتا ہے ۔شاہین آفریدی کی قیادت سے متعلق سوال پر سلیم یوسف کا کہنا تھا کہ وہ نوجوان فاسٹ بالر ہیں جن پر کپتانی یا نائب کپتانی کا اضافی بوجھ ڈالنا مناسب نہیں ہوگا اور چونکہ ان کی ابھی بہت کرکٹ باقی ہے لہٰذا وہ کبھی بھی اس پوزیشن پر آسکتے ہیں مگر فی الوقت ان کے کاندھوں پر یہ ذمہ داری سود مند نہیں ہوگی اگرچہ ان کی زیر قیادت لاہور قلندرز لگاتار دو مرتبہ پی ایس ایل کا ٹائٹل جیت چکی ہے ۔بھارتی ٹیم کے پاکستان میں کھیلنے سے انکار پر سابق وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ اگر بھارتی ٹیم اپنے فیصلے پر قائم رہتی ہے تو پھر پاکستانی ٹیم کو بھی بھارت جانے کی ضرورت نہیں کیونکہ گرین شرٹس سائیڈ کی اپنی ایک اہمیت ہے جس کا شمار دنیا کی ٹاپ ٹیموں میں ہوتا ہے اور پھر آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھی پاکستان آکر سیریز کھیل چکی ہیں تو بھارت کو بھی پاکستان آکر کھیلنا چاہئے کیونکہ شائقین کرکٹ دونوں ممالک کو ایک ساتھ کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments