پاکستان شاہینز پر بال ٹیمپرنگ کا داغ لگ گیا : ون ڈے سیریز بھی گنوا دی

پاکستان  شاہینز  پر  بال  ٹیمپرنگ  کا  داغ  لگ  گیا  :  ون  ڈے  سیریز  بھی  گنوا دی

ہرارے (اسپورٹس ڈیسک)پاکستان شاہینز پر بال ٹیمپرنگ کا داغ لگ گیا جس نے ون ڈے سیریز بھی دو،چار سے گنوا دی،امپائر اکناؤ چابی نے زمبابوے سلیکٹ الیون کو پنالٹی کے پانچ رنز ایوارڈ کر دیئے ۔۔۔

اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں ہو سکی کہ گیند کیسے خراب کی گئی اور کون ذمہ دار تھا،مبصر خان کی سنچری کے باوجود مہمان سائیڈ 32رنز سے ناکام رہی،ہوم ٹیم کے ٹوٹل 7/385میں کریگ ایروین کے کیریئر بیسٹ 195رنز فتح کی ضمانت ثابت ہوئے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان شاہینز اور زمبابوے سلیکٹ الیون کے درمیان ہرارے میں کھیلے گئے چھٹے اور آخری ون ڈے کے دوران پاکستان شاہینز پر بال ٹیمپرنگ کے باعث جرمانہ عائد کردیا گیا جب سیدھی اور سپاٹ وکٹ پر حریف بیٹرز کو قابو کرنے میں ناکام ٹیم پرپچاس سے زائد انٹرنیشنل میچوں کے تجربہ کار امپائر اکناؤ چابی نے گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی بنیاد پر زمبابوے سلیکٹ الیون کے کھاتے میں پانچ پنالٹی رنز کا اندراج کرا دیا ۔اگرچہ یہ بات کلیئر نہیں ہوئی کہ گیند کے ساتھ کس طرح گڑ بڑ کی گئی اور اس کا ذمہ دار کون تھا مگر کھیل کے قوانین یہی کہتے ہیں کہ اگر امپائر محسوس کرے کہ گیند کی کنڈیشن غیر شفاف طریقے سے تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی ہے تو وہ بیٹرز کو متبادل گیند کی پیشکش کر سکتا ہے البتہ اس آفر سے قطع نظر اسے حریف ٹیم کو پانچ پنالٹی رنز ایوارڈ کرنا ہوتے ہیں۔اس منفی واقعے سے ہٹ کر دیکھا جائے تو دونوں ٹیموں کی جانب سے عمدہ کھیل پیش کیا اور ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کے تیسرے کپتان کامران غلام نے فیلڈ سنبھالی تو محمد علی نے جوائے لارڈ گمبی کو صفر کا تحفہ تھما دیا مگر اس کے بعد اگلی کامیابی کیلئے 28ویں اوور تک انتظار کرنا پڑا جب انوسینٹ کائیا دس چوکوں اور تین چھکوں سمیت 92رنز بنا کر محمد علی کا شکار ہوئے مگر کریگ ایروین نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور سنچری مکمل کرلی حالانکہ سکندر رضا 15اور شان ولیمز 20رنز تک محدود رہے ۔کریگ ایروین نے اپنے بہترین ذاتی اسکور 168کو عبور کرنے کے دوران 31رنز بنانے والے ریان برل کے ساتھ بھی 71رنز جوڑے مگر بدقسمتی سے ڈبل سنچری مکمل نہ کر سکے اور 195رنز میں 22چوکے اور چھ چھکے لگا کر واپس گئے تو زمبابوے سلیکٹ الیون نے سات وکٹوں پر 385رنز کا بڑا اسکور بنا ڈالا تھا۔پاکستان شاہینز کیلئے محمد علی اور عامر جمال نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں مگر شاہنواز ڈاہانی کے س اوورز میں بننے والے 105رنز نے کھیل کا توازن بگاڑ دیا۔جواب میں بلیسنگ موزارابانی نے ابتدائی پانچ اوورز میں عمران بٹ اور عمیر بن یوسف کو چلتا کیا جبکہ حسیب اللہ خان بھی35رنز کر سکے جس کے بعد روحیل نذیر اور کامران غلام نے 108رنز کی رفاقت سے ٹیم کو سنبھالا مگر کامران غلام 56رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔پانچویں وکٹ کیلئے 98رنز کا اضافہ کرنے والے روحیل نذیر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 87رنز پر ہمت ہار گئے تو پاکستان شاہینز کی ناکامی عیاں تھی مگر مبصر خان نے اپنی شاندار بیٹنگ سے کھیل میں جان ڈالے رکھی البتہ جب وہ چھ چوکوں اور آٹھ چھکوں سمیت 115رنز پر میدان چھوڑ گئے تو پوری ٹیم 353رنز ہی بنا سکی۔سکندر رضا نے تین جبکہ بلیسنگ موزارابانی،تناکا شیوانگا اور لیوک جونگوے نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان شاہینز کے عامر جمال 16وکٹیں لے کر سیریز کے بہترین بالر قرار پائے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں