جونیئر ایشیاء ہاکی کپ: پاکستانی ٹیم بھارت کیخلاف ناقابل تسخیر

جونیئر ایشیاء ہاکی کپ: پاکستانی ٹیم بھارت کیخلاف ناقابل تسخیر

صلالہ(اسپورٹس ڈیسک)اومان میں جاری جونیئر ایشیاء کپ میں پاکستانی ٹیم ایونٹ کے تیسرے میچ میں روایتی حریف بھارت کیخلاف بھی ناقابل تسخیر رہی جب سنسنی خیزی کے ساتھ کھیلا جانے والا معرکہ ایک،ایک سے برابر ہو گیا ۔۔

جس نے قومی جونیئر ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں روشن تر کردی ہیں۔میچ کے آغاز سے دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا اور پہلے کوارٹر میں کوئی گول اسکور نہیں ہو سکاتاہم دوسرے کوارٹر کے دوران 24 ویں منٹ میں بھارت کے شردا نند نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی مگر پاکستان کی جانب سے 44ویں منٹ میں بشارت علی نے گول بنا کر مقابلہ برابر کردیا اور پاکستانی ٹیم سات پوائنٹس کے ساتھ گروپ اے کی سرفہرست ٹیم بن گئی۔عبدالحنان شاہد کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔گروپ اے کے ایک اور میچ میں جاپان نے چائنیز تائپے کو ایک کے مقابلے میں دس گولز سے ٹھکانے لگا دیا جس میں کوڈائی سائیکی کے چار گولز نمایاں رہے ۔گروپ بی میں ملائیشیا نے جنوبی کوریا کو تین،ایک سے ہرا کر ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی جبکہ میزبان ملک اومان نے ازبکستان کو دو کے مقابلے میں تین گولز سے ٹھکانے لگا دیا۔ ایونٹ میں پاکستان اپنا چوتھا میچ 29 مئی کو جاپان کیخلاف کھیلے گا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں