ارشد ندیم ایشین گیمز اور پیرس اولمپکس میں کامیابی کے خواہاں

ارشد ندیم ایشین گیمز اور پیرس اولمپکس میں کامیابی کے خواہاں

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)جیولن تھرو کے قومی ہیرو اور ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے سلورمیڈلسٹ ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ ان کا اگلا ہدف چین میں ہونے والے ایشین گیمز اور اگلے برس پیرس اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنا ہے ۔۔

جس کیلئے پوری قوم کی حمایت اور دعائیں ان کے حوصلوں کو بلند کرتی ہیں۔ فاؤنڈیشن پبلک اسکول کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ خصوصی تقریب میں ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ وہ اپنی پذیرائی کیلئے اسکول کی پوری انتظامیہ کے شکر گزار ہیں جس کی زیرنگرانی طالبعلموں کو تعلیم کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کے مواقع بھی فراہم کئے جا رہے ہیں اور کھیلوں کوا سکول کی سطح سے فروغ دینے کی ضرورت بھی ہے ۔فاؤنڈیشن پبلک اسکول کی انتظامیہ نے ارشد ندیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں دوملین روپے کا چیک پیش کیا تو اس موقع پر اسکول کے منیجنگ ڈائریکٹر رضا کمال منہاس اور بانی پرنسپل یاسمین رضا منہاس کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ایک رول ماڈل ہیں جو بین الاقوامی سطح پر ہمارے ملک کا پرچم بلند کررہے ہیںاور مستقبل میں بھی پاکستان کیلئے مزید تمغے جیت سکتے ہیں۔ تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایف پی ایس رحمن منہاس ، سینئر اسپورٹس منیجر مراد حسین اور ڈائریکٹر اسپورٹس ایچ ای سی جاوید میمن بھی موجود تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں