ورلڈکپ:قومی سکواڈ کیلئے مشاورت مکمل،ٹیم کا اعلان آج

ورلڈکپ:قومی سکواڈ کیلئے مشاورت مکمل،ٹیم کا اعلان آج

لاہور(سپورٹس ڈیسک)ورلڈکپ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان آج کیا جائے گا۔ سکواڈ کیلئے تمام مشاورت مکمل ہوگئی ہے ۔

کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے گزشتہ روز اجلاس میں ٹیم کی حالیہ کارکردگی کھلاڑیوں کی فٹنس اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں تفصیل سے جائزہ لیا۔ ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ اس جائزے کا مقصد یہ تھا کہ ایسا ماحول پیدا کیا جائے جس میں کھل کر اظہار رائے ہو اور اتفاق رائے پر پہنچا جائے ۔ ذکا اشرف نے کہا کہ ہم نے خوبیوں اور کمزوریوں پر بات کی ہے اور ہم اس بارے میں بالکل واضح ہیں کہ ٹیم کی بہتری کیلئے کہاں کیا کرنا ہے ۔ کھلاڑیوں کے ورک لوڈ سے نمٹنے اور قومی ڈیوٹی کو ترجیح دینے کے لیے فعال حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ یہ جائزہ سیشن مثبت انداز میں رہا اور ہم سب ایک پیج پر ہیں۔ ہمیں اعتماد ہے کہ ایشیا کپ میں ہمیں سیکھنے کو ملا ہے اور یہ ورلڈ کپ کی تیاری میں مددگار ثابت ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میں صلاحیت موجود ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ ٹیم اعلیٰ سطح پر مقابلے کی اہلیت رکھتی ہے ، ہمارے پاس ورلڈ کلاس بیٹرز اور بالرز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کو تمام ضروری سہولتیں اور وسائل فراہم کررہا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ٹیم اس میگا ایونٹ میں ٹاپ فارم میں نظر آئے ۔چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بھی گزشتہ روز ذکا اشرف سے ملاقات کی اور اپنی آرا سے آگاہ کیا۔اس جائزے کی تکمیل کے بعد انضمام الحق نے پاکستانی ٹیم کے سلیکشن کو حتمی شکل دے دی ہے اور ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان آج کر دیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں