ورلڈکپ : بھارت نے پاکستان ٹیم کو ویزے جاری کر دیے
لاہور(اسپورٹس ڈیسک)کئی دنوں کی کشمکش اور غیر معمولی تاخیر کے بعد بلآخر بھارتی حکومت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری کردئیے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان عمر فاروق نے تصدیق کی ہے۔۔
کہ بھارت کی حکومت نے قومی ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے ویزے جاری کردئیے ہیں۔پی سی بی کے ترجمان نے کہا کہ بالآخر بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے پاسپورٹ کے لیے کال آئی ہے ۔ بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو پیشرفت سے آگاہ کردیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کو ویزے جاری کیے جارہے ہیں اور جلد سکواڈ ممبران کو پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات مل جائیں گی۔عمر فاروق نے کہا کہ قومی ٹیم براستہ دبئی آج بھارت روانہ ہوگی۔اس سے قبل پی سی بی نے قومی کھلاڑیوں کو بھارتی حکومت کی جانب سے ویزے جاری نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ساتھ اٹھایا تھا۔پی سی بی کے ترجمان عمر فاروق نے بتایا تھا کہ ہم نے آئی سی سی کو خط لکھا اور اس میں پاکستان کے ساتھ ہونے والے سلوک سے متعلق اپنی تشویش کا اظہار کیا اور یاد دہانی کر ائی کہ ورلڈ کپ کے لیے ویزوں کا اجرا لازمی ہے ۔انہوں نے کہا تھا کہ یہ مایوسی کا مقام ہے کہ پاکستانی ٹیم اتنے بڑے ایونٹ سے قبل غیریقینی کا شکار ہے ۔عمرفاروق نے کہا تھا کہ پی سی بی اس حوالے سے آئی سی سی کو گزشتہ تین سال سے یاد دہانی کرواتا رہا ہے لیکن یہ سب کچھ قومی ٹیم کے 29 ستمبر کو شیڈول میچ سے قبل ہوا۔انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں ٹیم کا تربیت کے حوالے سے ابتدائی طور پر ترتیب دیا گیا منصوبہ تبدیل کرنا پڑا جو دبئی سے براستہ بھارت جانا تھا ۔ابتدائی طور پر شیڈول کے مطابق قومی ٹیم کو 25 ستمبر کو دبئی پہنچ کر 2 دن پریکٹس کرنا تھی لیکن اب وہ منصوبہ منسوخ ہوگیا ہے ۔