نئے سینٹرل کنٹریکٹ ، پی سی بی نے پلیئرز کیلئے خزانے کا منہ کھول دیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک) پی سی بی نے مینز کھلاڑیوں کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا۔پی سی بی کے مطابق تین سال کے کنٹریکٹ کے لیے کامیابی کے ساتھ تمام معاملات طے پاگئے ، سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی 2023 سے 30 جون 2026 تک ہوں گے ۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 25 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ پیش کیا گیا ہے ، معاہدے میں آئی سی سی ریونیو کا حصہ بھی شامل ہے جبکہ ریڈ بال اور وائٹ بال کے کنٹریکٹس کو اکٹھا کر دیا گیا ، اس کا فیصلہ کنٹریکٹ کمیٹی کی تجویز پر کیا گیا ہے ۔پی سی بی کے مطابق نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کے معاوضوں میں 127 سے 202 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے ۔سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست کو چار کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔اے کیٹیگری میں 3 کھلاڑی شامل ہیں جن کے معاوضے میں 202 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔ کیٹیگری اے میں کپتان بابر اعظم ،محمد رضوان اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔کیٹیگری بی میں فخر زمان ، حارث رؤف ، امام الحق ، محمد نواز، نسیم شاہ اور شاداب خان کو شامل کیا گیا ہے ۔کیٹیگری سی میں عماد وسیم اور عبداللہ شفیق شامل ہیں۔کیٹیگری ڈی میں فہیم اشرف، حسن علی، افتخار احمد، احسان اللہ ،محمد حارث ، وسیم جونیئر، صائم ایوب، سرفراز احمد، سلمان آغا، سعود شکیل، شاہنواز داھانی، شان مسعود ، اسامہ میر اور زمان خان کو رکھا گیا ہے ۔پی سی بی کے مطابق ٹیسٹ میچ فیس میں 50 فیصد، ون ڈے میں 25 فیصد اور ٹی ٹونٹی میں ساڑھے 12 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو دو غیر ملکی لیگز کھیلنے کی اجازت ہوگی، اس کے علاوہ کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر 50 فیصد انٹرنیشنل میچ فیس ملے گی۔