کرکٹ ورلڈکپ کامیلہ کل سجے گا، 10ٹیمیں مدمقابل
اسلام آباد،حیدرآباد (سپورٹس ڈیسک ) 13ویں آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کامیلہ کل سے بھارت میں سجے گا، جس میں دنیائے کرکٹ کی 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایک دوسرے کے خلاف پنجہ آزمائی کریں گی ۔۔
اور 19 نومبر کو اسکا اختتام ہوگا۔میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی دس ٹیموں میں میزبان بھارت ،عالمی چیمپئن انگلینڈ، پاکستان ، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکاشامل ہیں۔ یہ ٹیمیں 2023 کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفکیشن کے عمل کے گزر کر فائنل ہوئی ہیں۔ دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز اپنی تاریخ میں پہلی بار میگا ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے ۔ انگلینڈ کی ٹیم میگا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ یہ پہلا مردوں کا کرکٹ ورلڈ کپ ہوگا جس کی میزبانی صرف بھارت کرے گا،بھارت اس سے قبل برصغیر پاک و ہند کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر 1987، 1996 اور 2011 میں ایونٹ کی میزبانی کر چکا ہے ۔ پہلا اور دوسرا سیمی فائنل بالترتیب ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم اور کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا جائے گا جبکہ فائنل نریندر مودی سٹیڈیم، احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔