دورہ آسٹریلیا کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان ، حارث رئوف کی معذرت

دورہ  آسٹریلیا  کیلئے  قومی  اسکواڈ  کا  اعلان  ،  حارث  رئوف  کی  معذرت

لاہور(اسپورٹس ڈیسک)شان مسعود کی قیادت میں دور ہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کی اٹھارہ رکنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا،حارث رؤف نے دورہ آسٹریلیا سے معذرت کر لی ۔۔

 دورہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم 14 دسمبر سے 7 جنوری کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔گزشتہ روز ٹیم کا اعلان چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے کیا۔ شان مسعود پہلی بار پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے ۔ بائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹر صائم ایوب اور فاسٹ بالر خرم شہزاد پہلی مرتبہ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔ 22 سالہ صائم ایوب نے اس سیزن کی قائداعظم ٹرافی کے چار میچوں میں تین سنچریوں کی مدد سے 553 رنز بنائے جبکہ پاکستان کپ میں بھی سب سے زیادہ 397 رنز بنائے ۔فیصل آباد کے 23 سالہ فاسٹ بالر خرم شہزاد نے قائداعظم ٹرافی میں 20.31 کی اوسط سے سب سے زیادہ 36 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پاکستان کپ میں 13 وکٹیں حاصل کیں۔ فہیم اشرف جو آخری مرتبہ ٹیسٹ میچ انگلینڈ کے دورہ پاکستان میں کھیلے تھے ٹیم میں واپس آئے ہیں اسی طرح وسیم جونیئر اور میرحمزہ کی بھی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔یہ دونوں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں ٹیم کا حصہ تھے ۔پاکستان کی اٹھارہ رکنی ٹیم میں شان مسعود ( کپتان ) عامرجمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابراعظم، فہیم اشرف، حسن علی، امام الحق، خرم شہزاد، میرحمزہ، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نعمان علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔چیف سلیکٹر کا بتانا تھا کہ نسیم شاہ اگلے تین ہفتے میں فٹ ہوں گے جبکہ محمد حسنین کو ایک سے دو ہفتے کا مزید وقت لگے گا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں