نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے سپر 8مرحلے کا آج سے آغاز
راولپنڈی( اسپورٹس رپورٹر)نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کا سپر 8 مرحلہ آج سے کراچی کے تین مختلف گراؤنڈز میں شروع ہورہا ہے جن میں نیشنل بینک اسٹیڈیم، یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس اور این بی پی اسپورٹس کمپلیکس شامل ہیں۔
یہ مرحلہ آٹھ دسمبر تک جاری رہے گا۔یہ ٹورنامنٹ اٹھارہ ٹیموں کے ساتھ شروع ہوا تھا جن میں سے آٹھ ٹیموں نے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے ۔ان آٹھ ٹیموں کے میچز راؤنڈ رابن لیگ کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے ۔ہر ٹیم سات میچ کھیلے گی۔ان آٹھ میں سے چار ٹیمیں سیمی فائنلز میں جگہ بنائیں گی جو 9 دسمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 10 دسمبر کو ہوگا یہ تینوں میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہونگے ۔سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنانے والی ٹیموں میں گروپ اے سے لاہور وائٹس اور پشاور، گروپ بی سے لاہور بلیوز اور کراچی وائٹس، گروپ سی سے راولپنڈی اور ایبٹ آباد اور گروپ ڈی سے سیالکوٹ اور فاٹا شامل ہیں۔