اسد شفیق کو سلیکٹر اور کنسلٹنٹ بنانے کا فیصلہ

اسد  شفیق  کو  سلیکٹر  اور  کنسلٹنٹ  بنانے  کا  فیصلہ

لاہور(اسپورٹس ڈیسک)کرکٹر اسد شفیق کو سلیکٹر اور کنسلٹنٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسد شفیق پہلی بار سلیکشن کمیٹی کا حصہ بنیں گے اور وہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20سیریز میں توصیف احمد اور وہاب ریاض کی معاونت کریں گے ۔

اسد شفیق یکم جنوری سے ذمے داریاں سنبھالیں گے اور وہ کامران اکمل، سلمان بٹ اور راؤ افتخار کے ساتھ کام کریں گے ۔ذرائع کے مطابق اسد شفیق اگلے چند دن میں اپنی دستیابی سے آگاہ کرینگے ، وہ اس وقت قومی ٹی 20ٹورنامنٹ میں کراچی کی نمائندگی کر رہے ہیں اورٹورنامنٹ کے بعد پیشکش پر فیصلہ کریں گے ،قومی کرکٹر سے پی سی بی کے اعلیٰ عہدیدار نے ٹیلیفونک رابطہ کر کے کرکٹ بورڈ میں خدمات دینے کی آفر کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کرکٹ کے لئے پی سی بی کے ساتھ کام کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آفر ملنے کے بعد اسد شفیق نے ریٹائرمنٹ پر غور شروع کر دیا۔ یاد رہے کہ اسد شفیق نے 77 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے ، انہوں نے 128 اننگز میں 12 سنچریوں اور 27 نصف سنچریوں کی مدد سے 4460 رنز بنا رکھے ہیں، قومی کرکٹر 60 ایک روزہ اور 10 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ اسد شفیق نے 2010 میں انگلینڈ کیخلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا اور 2018 کے بعد سے اسد شفیق ٹیسٹ ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے ۔ واضح رہے کہ اسد شفیق 4 سال سے پاکستان ٹیم سے باہر ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں