بابر کا پی سی بی سے تینوں فارمیٹ کی کپتانی کا مطالبہ

بابر کا پی سی بی سے تینوں فارمیٹ کی کپتانی کا مطالبہ

لاہور(اسپورٹس ڈیسک)قومی ٹیم کے مایہ ناز بیٹر بابر اعظم نے پی سی بی سے تینوں فارمیٹ کی کپتانی کا مطالبہ کردیا۔کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے بابر اعظم کو وائٹ بال کرکٹ میں قیادت کی پیشکش کی ہے لیکن انہوں نے اب تک یہ پیشکش قبول نہیں کی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حال ہی میں ٹی 20 کے کپتان بننے والے شاہین آفریدی کو قیادت سے ہٹا دیا جائے گا۔ نیوزی لینڈ میں ٹی ٹونٹی سیریز میں چار ایک سے شکست کے بعد پی ایس ایل 9 میں شاہین شاہ کی قیادت میں لاہور قلندر کی ناقص پرفارمنس نے بھی ان کے کیس کو کمزور کیا۔بورڈ میں تبدیلی آئی اور محسن نقوی کے چیئرمین بنتے ہی کپتان کے حوالے سے بیان نے شاہین کے مستقبل پرسوالیہ نشان لگا دیا۔ نئی سلیکشن کمیٹی بنی تو اس نے بھی قیادت کے لیے اپنا ووٹ بابر اعظم کے حق میں دیا۔ جس کے بعد ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بابر اعظم کی پی سی بی چیئرمین محسن نقوی سے بھی ملاقات ہو چکی ہے ۔ذرائع کا کہنا تھا کہ بابر اعظم آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی ہوم سیریز میں ایک بار پھر پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائد کے طور پر میدان میں اتریں گے جس کا جلد اعلان متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی کے قریبی ذرائع نے انہیں قیادت چھوڑنے سے منع کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو بابر اعظم کو کپتان بنانے کی تجویز دی اور اب بابر اعظم نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں قیادت سنبھالیں گے ۔ذرائع کے مطابق کاکول کے ٹریننگ کیمپ میں بابر اعظم بطور کپتان شرکت کریں گے ۔واضح رہے کہ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان نے 71 ٹی ٹونٹی میچز میں 42 جیتے اور 23 ہارے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں