پہلا ون ڈے:پاکستانی خواتین کو ویسٹ انڈیز سے شکست

پہلا ون ڈے:پاکستانی  خواتین  کو ویسٹ انڈیز  سے  شکست

کراچی(سپورٹس ڈیسک ) ویسٹ انڈیز خواتین کی ٹیم نے پاکستانی ٹیم کوپہلے ایک روزہ میچ میں 113 رنز سے شکست دے دی، قومی ٹیم 270 رنز کے تعاقب میں 35.5 اوورز میں 156 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔۔۔

ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز کو شاندار کارکردگی ناقابل شکست 140 رنز اور 3 وکٹیں لینے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔جمعرات کو نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلے گئے تین ایک روزہ بین الاقومی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بناکر پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے 270 رنز کا ہدف دیا، میتھیوز نے اپنی شاندار ناقابل شکست اننگز میں 150 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکے اور 15 چوکوں کی مدد سے 140 رنز بنائے ۔ 270 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 35.5 اوورز میں 156 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی ۔ طوبہ حسن 25، منیبہ علی 22، وکٹ کیپر ناجیہ علوی 20 اور کپتان ندا ڈار 19 رنز بنا سکیں ۔ویسٹ انڈیز کی ہیلی میتھیوز نے 6 اوورز میں 17 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ دوسری طرف قومی ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے میڈیاسے گفتگومیں کہا کہ ہماری میچ میں بولنگ اور فیلڈنگ اچھی نہیں رہی۔ ہم نے آخری دس اوورز میں زیادہ رنز دے ڈالے ۔ اگر ہم ویسٹ انڈیز کو 220 تک محدود کرتے تو نتیجہ مختلف ہوتا۔ جیت ہار کھیل کا حصہ ہے ہمیں بہتر منصوبہ بندی کرنا ہوگی ،تمام کھلاڑیوں کو اپنی اپنی ذمہ داری سنبھالنی ہوگی۔ مجھے امید ہے کہ اگلے میچوں میں ٹیم اچھا کھیل پیش کرے گی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں