جنوبی افریقہ اور بھارت سیمی فائنل میں ،آسٹریلیا کی آس باقی

 جنوبی افریقہ اور بھارت سیمی فائنل میں ،آسٹریلیا کی آس باقی

سینٹ لوسیا،سینٹ جارج(سپورٹس ڈیسک) ٹی 20ورلڈکپ میں جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیزکو 7وکٹوں جبکہ بھارت نے آسٹریلیا کو 24رنز سے ہراکرسیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ۔۔

انگلینڈ کی ٹیم پہلے ہی فائنل فور کا حصہ بن چکی ہے چوتھی ٹیم کا فیصلہ آج بنگلہ دیش اور افغانستان کے میچ کے بعد ہوگا ، افغانستان ہار کی صورت میں آسٹریلیا کی سیمی فائنل میں رسائی کی آس باقی ہے ۔گروپ اے کے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔بھارتی ٹیم نے 5 وکٹوں پر 205 رنز کا ٹوٹل بورڈ پر سجادیا۔مردمیدان روہت شرما نے 41 گیندوں پر 92 رنز بنائے ،ان کی اننگز میں 8چھکے اور 7 چوکے شامل تھے ، انہوں نے ایک اوور میں سٹارک کو 4چھکے اور ایک چوکا رسید کیا۔ آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181رنز بناسکی۔ ٹریوس ہیڈ 76رنز بنا کر ٹاپ سکورررہے ۔ بھارتی ٹیم اس فتح کیساتھ سیمی فائنل میں پہنچ گئی جبکہ آسٹریلیا کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے بنگلہ دیش کی افغانستان کیخلاف فتح درکار ہے ۔بنگلہ دیش اگر افغانستان کو 63 یا اس سے زائد رنز سے ہرانے میں کامیاب ہوگیا تو وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائیگا۔اس میچ میں کامیابی یا پھر بارش ہوجانے کی صورت میں افغانستان سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریگا اور آسٹریلیا کی ٹیم کو گھرجاناہوگا ۔قبل ازیں گروپ بی کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے سخت مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز 3وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی۔ بارش کے باعث میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئیس سسٹم کے تحت ہوا ، میزبان ویسٹ انڈیز نے 20 اوورز کھیل کر جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 136 رنز کا ہدف دیا تھا،پلیئر آف دی میچ تبریز شمسی نے      3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔میچ بارش کے باعث روکا گیا جس کے بعد جنوبی افریقہ کا ہدف 136 سے 123 ہوگیا جو کے 17 اوورز میں مکمل کرنا تھا۔ جنوبی افریقہ نے سخت مقابلے کے بعد پانچ گیندوں قبل مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں