کپتان کی حتمی تقرری چیئر مین پی سی بی کا اختیار

کپتان  کی  حتمی  تقرری  چیئر مین  پی سی بی  کا اختیار

لاہور (سپورٹس ڈیسک )سابق مایہ ناز کرکٹر وقار یونس نے تمام تر اختیارات کے ساتھ پی سی بی میں ہاٹ سیٹ سنبھال لی ہے تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کا تقرر ہیڈ کوچ کا اختیار ہے اور وقار یونس کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔

کوچ اپنی سفارشات چیئرمین محسن نقوی کو دینگے اور چیئرمین کپتان کانام فائنل کرینگے ۔ذرائع نے بتایاکہ پی سی بی کنسلٹنٹ وقار یونس کے پاس پاکستان کی تمام کرکٹ چلانے کا مینڈیٹ ہے لیکن کپتان کی تقرری سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہوگا۔پی سی بی ذرائع کے مطابق وائٹ بال کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹین اور ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلسپی کپتان کے حوالے سے فیصلہ کریں گے اور اپنی سفارشات چیئرمین کو دیں گے ۔ٹیسٹ ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی کے باوجود بابر اعظم کے مستقبل کا فیصلہ مزید تاخیر کا شکار ہے اور سرجری کا دعویٰ محض وہاب ریاض اور عبدالرزاق تک سمٹ چکا ہے ۔نومبر میں پاکستانی ٹیم ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کھیلنے آسٹریلیا جائے گی، اسلئے اکتوبر میں وائٹ بال فارمیٹ کے کپتان کا فیصلہ ہوگا۔ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں کچھ کھلاڑیوں کے بارے میں ٹیم انتظامیہ نے منفی رپورٹس دی ہیں ،جن کے خلاف انضباطی کارروائی بھی بورڈ کے لیے چیلنج ہے ۔بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں ان کھلاڑیوں کو موقع دیا جاتا ہے یا نہیں اس بارے میں اگلے ہفتے تک صورتحال واضح ہوجائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں