انگلینڈ کے فاسٹ بولر مارک ووڈ پاکستان کیخلاف سیریز سے باہر

انگلینڈ کے فاسٹ بولر مارک ووڈ پاکستان کیخلاف سیریز سے باہر

لاہور(سپورٹس ڈیسک )انگلینڈ کے فاسٹ بولر مارک ووڈ کہنی کی انجری کی وجہ سے پاکستان کیخلاف سیریز سے آوٹ ہوگئے ۔

انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے مطابق مارک ووڈ اس سال مزید کرکٹ نہیں کھیلیں گے ۔ مارک ووڈ انگلینڈ کے دورۂ پاکستان اور نیوزی لینڈ میں حصہ نہیں لیں گے ، وہ اگلے سال پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی سے قبل واپسی کیلئے پُر امید ہیں۔واضح رہے کہ مارک ووڈ کو اس سال ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں کہنی میں تکلیف کی شکایت ہوئی تھی۔فاسٹ بولر نے تکلیف مینج کرتے ہوئے سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ بھی کھیلا تاہم ٹیسٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ مارک ووڈ کی دائیں کہنی ‘‘سٹریس انجری’’ کا شکار ہے ۔دوسری طرف انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن دورۂ پاکستان میں ٹیم کے ہمراہ ہوں گے ۔جیمز اینڈرسن انگلینڈ ٹیم کے ساتھ بطور فاسٹ بولر مینٹور کے کام جاری رکھیں گے ، جیمز اینڈرسن نے کہاکہ اس وقت تک تو مجھے ٹیم کے ساتھ پاکستان جانا ہے ۔ دورۂ نیوزی لینڈ میں بھی ٹیم کے ساتھ ہوں گا، اس کے بعد کچھ یقین سے نہیں کہہ سکتا۔ ابھی اس شعبے میں نیا ہوں، سیکھ رہا ہوں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں