خواہش ہے میری کپتانی میں پاکستان ورلڈ کپ جیتے :فاطمہ ثنا

 خواہش ہے میری کپتانی میں پاکستان ورلڈ کپ جیتے :فاطمہ ثنا

ملتان (سپورٹس رپورٹر )پاکستانی ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ ساؤتھ افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں قومی ٹیم کی ٹی20 ورلڈ کپ کیلئے اچھی تیاری ہوئی ہے ،خواہش ہے میری کپتانی میں پاکستان ورلڈ کپ جیتے ۔

ملتان سٹیڈیم میں ٹی 20 سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ساؤتھ افریقہ ویمنز ٹیم نے اچھا کھیلا اور وہ سیریز جیت گئی،کیچز ڈراپ ہونے کی وجہ سے ساؤتھ افریقہ کیخلاف قومی ٹیم سیریز کا فیصلہ کن میچ ہاری۔ ساؤتھ افریقہ کے خلاف سیریز میں ہم نے ٹیم میں نئی چیزیں ٹرائی کیں،جس سے کھلاڑیوں میں کانفیڈینس آیا، بیٹنگ و بالنگ میں کھلاڑیوں نے اچھے نتائج دیئے البتہ فیلڈنگ میں ہماری کارکردگی اچھی نہیں رہی،ورلڈ کپ کے بڑے ایونٹ میں ماضی کی غلطیوں کو ٹھیک کرکے مکمل تیاری کیساتھ میدان میں اتریں گے ۔ بعد ازاں جنوبی افریقن ویمن ٹیم کی کپتان اینری ڈرکسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کیخلاف سیریز میں جیت ہماری ٹیم کیلئے اہم ہے ،پاکستان کے خلاف کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی دکھائی لیکن ابھی بھی بہت سی چیزوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ ملتان میں کھیلنا ہماری ٹیم کیلئے ایک اچھا تجربہ رہا، ملتان کے لوگوں کی مہمان نوازی اور پیار ہمیشہ یاد رہے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں