ویمنز ٹی 20ورلڈکپ ،بھارت کا پاکستان پر6وکٹوں سے غلبہ
دبئی (سپورٹس ڈیسک )آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی لیکن سوائے ندا ڈار کے ٹاپ آرڈر اور مڈل آرڈر ناکام رہا۔
گل فیروزہ صفر، سدرہ امین 8 ، عمیمہ سہیل 3 اور منیبہ علی 17 رنز بناکر پویلین لوٹ گئیں ،آل راؤنڈر عالیہ ریاض نے 4 رنز سکور کئے ، کپتان فاطمہ ثنا 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، طوبیٰ حسن کھاتہ نہ کھول سکیں جب کہ ندا ڈرا 28رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد میدان سے باہر گئیں، عرو ب شاہ 14 اور نشرح سندھو 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 105 رنز بنائے ، جواب میں بھارتی ٹیم نے 18 اعشاریہ 5 اوور میں 4وکٹوں پر 108رنزبناکر ہدف پارکرلیا۔ بھارت کی پہلی وکٹ 18 رنز پر گری، سمرتی مندھانہ 7 رنز بناسکیں۔ دوسری وکٹ پر شفالی ورما اور جمائما روڈریگز 43 رنز کی شراکت سے ٹیم کو وننگ ٹریک پر لے آئیں، شفالی 32 رنز پر آؤٹ ہوئیں، جمائما نے 23 رنز سکور کئے ، ریچہ گھوش کوئی رن نہ بناسکیں۔کپتان ہرمن پریت کور 29رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئیں، دپتی اور سجیون نے سکور پورا کرکے بھارت کو 6 وکٹ سے فاتح بنوادیا۔ ارون دھتی ریڈی کو 19رنز دے کر 3وکٹیں لینے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیاگیا۔