ملتان ٹیسٹ: پاکستان 556 رنز پر آئوٹ ، انگلینڈ کے ایک وکٹ پر 96 رنز
ملتان (سپورٹس رپورٹر ) ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 556 رنز کا پہاڑ کھڑا کر کے آؤٹ ہو گئی۔۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 96 رنز بنالیے جبکہ اسے پاکستان کی برتری ختم کرنے میں مزید 460 رنز بنانے ہیں۔ 556 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان اولی پاپ اور زیک کرولی نے کیا تاہم یہ جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ دے سکی اور کپتان اولی پاپ بغیر کھاتے کھولے نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے ، زیک کرولی 64 اور جوروٹ 32 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔قبل ازیں میچ کے دوسرے روز مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل اور نائٹ واچ مین نسیم شاہ نے 4 وکٹوں کیساتھ 328 رنز سے اننگز آگے بڑھائی بعدازاں نسیم شاہ 388 کے مجموعی سکور پر 33 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ ان کے بعد آنے والے محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے ۔قومی ٹیم کی ساتویں وکٹ 450 کے مجموعی سکور پر سعود شکیل کی صورت گر گئی، سعود شکیل 177 گیندوں پر 82 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے ، سعود کے بعد آنے والے عامر جمال 7 رنز بنا کر پویلین چلتے بنے جبکہ قومی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے 26رنز کی اننگز کھیلی۔قومی ٹیم کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ابرار احمد تھے ، انہوں نے 3 رنز بنائے جبکہ آل راؤنڈر سلمان علی آغا 104 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ملتان ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے شان مسعود اور عبداللہ شفیق کی شاندار سنچریوں کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنا لیے تھے ۔انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 3، گس ایٹکنسن اور برائیڈن کارس نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جو روٹ، شعیب بشیر اور کرس ووکس کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔