گرلز سپورٹس کارنیول ، فٹ بال میں اے پی ایس راولپنڈی فاتح

گرلز سپورٹس کارنیول ، فٹ بال میں اے پی ایس راولپنڈی فاتح

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر) گرلز سپورٹس کارنیول 2024ء میں فٹ بال کا گولڈمیڈل آرمی پبلک سکول (اے پی ایس)ہمایوں روڈ راولپنڈی نے جیت لیا، تعلیمی بورڈ مردان نے سلور اور اسلام آباد ماڈل کالج (آئی سی جی) ایف سکس ٹو اسلام آباد نے برونز میڈل اپنے نام کیا۔

فائنل کے مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی نے سنیئر جوائنٹ سیکرٹری ایجوکیشن و چیئرمین فیڈرل بورڈ سید جنید اخلاق کے ہمراہ جیتنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے ۔فاتح ٹیم کو گولڈمیڈلز اور 15000 روپے ، سیکنڈ ٹیم کو سلور میڈلز اور 10000 روپے جبکہ تھرڈ ٹیم کو برونز میڈلز اور 7000 روپے کیش پرائز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر فیڈرل سیکرٹری ایجوکیشن محی الدین وانی نے کہا کہ وفاقی وزارت تعلیم، فیڈرل بورڈ اور ایف ڈی ای کے اشتراک سے منعقدہ گرلز سپورٹس کارنیول میں ملک بھر سے 4000 سے زائد طالبات نے حصہ لیا، اس کا مقصد سکول سپورٹس کی بحالی اور بچیوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا ہے ۔ اب اس کو مستقل سالانہ ایونٹ بنائیں گے اور اس کا دائرہ ملک کے تمام بڑے شہروں تک پھیلائیں گے ۔ گرلز سپورٹس کارنیول میں اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، فٹ بال، ٹیبل ٹینس، ٹینس اور والی بال کے مقابلے ہوئے ۔ آج میگا ایونٹ کی اختتامی تقریب لیاقت جمنازیم میں ہوگی جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ہونگے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں