سکھ یاتریوں کو چیمپئنز ٹرافی کے میچز دیکھنے کی دعوت

سکھ یاتریوں  کو  چیمپئنز ٹرافی کے میچز دیکھنے کی دعوت

لاہور(سپورٹس ڈیسک )وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارت سے آنے والے تماشائیوں کیلئے خصوصی انتظامات کر رہے ہیں۔

لاہور میں امریکا سے آئے ہوئے 40 سکھ یاتریوں کے وفد سے محسن نقوی نے ملاقات کی،وفد کی قیادت ڈاکٹر دلویرسنگھ پنوں، سرجیت سنگھ ہوتھی،رنجیت سنگھ کاہلوں اور لکشمن سنگھ نے کی ، اس موقع پرمحسن نقوی نے سکھ یاتریوں سے کہا کہ سو بسم اللّٰہ! آپ چیمپئنز ٹرافی دیکھنے کیلئے پاکستان آئیں، آدھے گھنٹے میں ویزا فراہم کیا جائے گا۔ پاک بھارت میچ دیکھیں، اس کے لیے ہم خصوصی کوٹہ رکھ رہے ہیں کیونکہ بھارت سے بھی بہت سے لوگوں نے میچز دیکھنے آنا ہے ۔ امریکی، کینڈین اور یوکے پاسپورٹ رکھنے والی سکھ کمیونٹی کے افراد آن لائن فارم جمع کرو ا سکیں گے اور 30 منٹ میں ویزا حاصل سکیں گے ۔ سکھ برادری کے لیے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے ۔ آپ سال میں 10 بار پاکستان آئیں۔ ہر بار آپ کو خوش آمدید کہیں گے ۔ پاکستان میں سکھ برادری کے دیگر مقامات کو بھی اوپن کرینگے ۔ وزٹ کے لئے اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ حسن ابدال، کرتار پور، ننکانہ صاحب اور لاہور کے ساتھ آپ اپنے دیگر مذہبی مقامات پر بھی جاسکیں گے ۔اس ضمن میں جو مسائل ہیں انہیں حل کریں گے ۔ اس وقت سال میں 50 ہزار سے ایک لاکھ سکھ یاتری آتے ہیں ،ہماری خواہش ہے کہ یہ تعداد 10 لاکھ ہو اور نوجوان بھی آئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں