بھارتی دبائو : سکردو اور کشمیر میں چیمپئنز ٹرافی ٹور منسوخ

بھارتی  دبائو  :  سکردو  اور  کشمیر  میں  چیمپئنز ٹرافی  ٹور منسوخ

دبئی ،ممبئی (سپورٹس ڈیسک )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعتراض اٹھائے جانے کے بعد سکردو، مری اور مظفرآباد میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ٹرافی ٹور کو منسوخ کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے منسوخی کا یہ فیصلہ پی سی بی کے شیئر کردہ ٹرافی ٹور شیڈول پر بی سی سی آئی کے اعتراضات کے بعد سامنے آیا ہے ۔پی سی بی کی جانب سے دوروزقبل آج سے 24 نومبر تک جاری رہنے والے ٹرافی ٹور کے شیڈول کا اعلان کیا گیا تھا تاہم آئی سی سی نے سکردو اور کشمیر کے علاقوں کو اس ٹور کا حصہ نہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔دریں اثنا آئی سی سی نے بھارتی بورڈ سے چیمپئینز ٹرافی کیلئے پاکستان نہ آنے کی تحریری وجوہات مانگ لیں۔ حکومتی ہدایات کی روشنی میں پی سی بی نے آئی سی سی کو ای میل میں پوچھا تھا کہ آپ نے زبانی طور پر بھارتی ٹیم کے پاکستان آکر آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی نہ کھیلنے کا بتایا، ہمیں یہ تحریری طورپر بتایا جائے کہ انڈین ٹیم آخر کس وجہ سے پاکستان آکر کھیلنے سے انکاری ہے ۔جس کے بعد اب آئی سی سی نے بھارتی بورڈ سے تحریری جواب طلب کیا ہے ، جس کے بعد پاکستان وجوہات پر ٹھوس شواہد مانگ سکتا ہے ۔قوانین کے مطابق بھارتی بورڈ کو پاکستان نہ جانے کی ٹھوس وجوہات دینا ہوں گی ۔پاکستان نہ جانے کی وجوہات جائز نہ ہوئیں تو بھارتی ٹیم کو آنے کیلئے کہا جائے گا اور منع کرنے پر چیمپئینز ٹرافی میں 9 ویں ٹیم کو شامل کیا جاسکے گا۔بھارتی ٹیم کے شریک نہ ہونے سے آئی سی سی کو 50 کروڑ ڈالرز کا نقصان ہوگا جبکہ نشریاتی حقوق، اشتہارات اور سپانسر شپ سے کمائی میں بھی بڑا نقصان متوقع ہے ۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچز نہ ہونے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے نقصان کا تخمینہ 10 کروڑ ڈالرز ہے ۔ ادھر چیمپئینز ٹرافی میں سکیورٹی کا بہانہ بناکر پاکستان آنے سے انکاری بھارتی بورڈ نے اب پاکستان سے ایونٹ کی میزبانی چھیننے کا بھی منصوبہ بنالیا،رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ پاک بھارت میچ نہ ہونے پر آئی سی سی براڈ کاسٹرز کو زرتلافی ادا کرے گا، جس کیلئے آئی سی سی سے مذاکرات جاری ہیں۔دوسری جانب پاکستان نے بھی ایونٹ میں شریک بورڈ ممبرز سے مشاورت کا عمل تیز کردیا ہے تاکہ بھارتی لابی کو سبق سکھایا جاسکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں