افغانستان ، آسٹریلیا کا میچ بارش کی نذر ، کینگروز سیمی فائنل میں

افغانستان  ، آسٹریلیا  کا میچ  بارش  کی  نذر ،  کینگروز  سیمی  فائنل  میں

لاہور(سپورٹس ڈیسک )آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا 10واں میچ بارش سے متاثر ہوگیا، آسٹریلیا اور افغانستان کو ایک، ایک پوائنٹ مل گیا ۔۔

اورکینگروز گروپ ‘بی’سے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ، افغانستان کے 3 میچز کے بعد 3 پوائنٹس ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے 2 میچز کے بعد 3 پوائنٹس ہیں، افغانستان کو ایونٹ میں اپنے آگے کے سفر کیلئے جنوبی افریقہ کی شکست سے امید ہے ۔گروپ بی کا آخری میچ آج جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائیگا۔گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 273 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ افغانستان کے عظمت اللّٰہ عمر زئی نے آل راؤنڈ پرفارمنس دی ، انہوں نے 67 رنز کی باری کھیلنے کے ساتھ آسٹریلیا کی وکٹ بھی گرائی۔ صدیق اللّٰہ نے 85، گزشتہ میچ کے سنچری میکر ابراہیم زادران 22، حشمت اللّٰہ شاہدی 20، راشد خان 19، رحمت شاہ 12 بناکر پویلین لوٹے دیگر کوئی کھلاڑی دہرا ہندسہ عبور نہ کرسکا۔آسٹریلیا کے بین ڈور شوئس نے 3، اسپینسر جانسن اور ایڈم زمپا نے 2، 2 جبکہ میکسویل اور ایلیس نے 1، 1 وکٹ حاصل کی ۔بارش کی مداخلت سے قبل 274 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے 12 اعشاریہ 5 اوورز میں 1 وکٹ پر 109 رنز بنائے ، میتھیو شاٹ 20 رنز بنا عظمت اللّٰہ عمر زئی کا شکار بنے ۔دوسری وکٹ پر ٹریوس ہیڈ اور کپتان سٹیو سمتھ نے 65 رنز کی شراکت بنا ئی اور دونوں کھلاڑیوں نے ناقابل شکست رہتے ہوئے بالترتیب 59 اور 19 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیااور پھر گیلی فیلڈ کے باعث ختم کردیا گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا۔ آسٹریلیا کے 4 پوائنٹس ہوگئے جس کے ساتھ ہی سیمی فائنل کیلئے بھی کوالیفائی کرلیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں