پی ایس ایل : یونائیٹڈ کی مسلسل چوتھی فتح ، کراچی کنگز کو شکست

پی  ایس  ایل  :  یونائیٹڈ  کی مسلسل  چوتھی  فتح  ، کراچی  کنگز  کو شکست

کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے دسویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل چوتھی فتح اپنے نام کرلی۔

کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلرز نے کراچی کنگز کے بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی اور وہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر بھی مقررہ 20 اوورز میں 128 رنز ہی بناسکی۔ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 17 گیندیں قبل ہی 4 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا وہ 18 گیندوں پر 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ، کولن منرو صرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے ۔اعظم خان نے 31 رنز کی اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ کپتان شاداب خان 40 گیندوں پر 47 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے ، محمد نواز 8 رنز پر ناقابل شکست رہے ۔کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے 2 اور محمد نبی نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر اس میچ میں بھی ناکام ثابت ہوئے اور محض 3 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے ، کراچی کنگز کے دونوں فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے والے جیمز ونس بھی 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے ۔ٹم سیفرٹ 30 اور سعد بیگ 20 رنز بنانے میں کامیاب رہے ، خوشدل شاہ 17، عرفان خان نیازی 5، محمد نبی 7، عامر جمال 7 رنز بناسکے جب کہ عباس آفریدی نے 3 چھکوں کی مدد سے 9 گیندوں پر 24 رنز بنائے ۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے نسیم شاہ، جیسن ہولڈر اور شاداب خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں