ایشیا کپ نہ کھیلنے کا فیصلہ نہیں کیا ، بھارتی بورڈ کی وضاحت

ایشیا کپ  نہ کھیلنے  کا فیصلہ  نہیں  کیا ،  بھارتی  بورڈ کی  وضاحت

لاہور(سپورٹس ڈیسک)بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ سے دستبرداری سے متعلق بھارتی میڈیا کی خبروں کی تردید کردی، سیکرٹری بھارتی کرکٹ بورڈ دیوا جیت سائیکیا نے کہا ہے ۔۔

کہ ایشیا کپ سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں کیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیواجیت سائیکیا نے وضاحت کی ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کے کسی بھی ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کا کوئی فیصلہ کیا ہے اور نہ ہی اس پر کوئی بات چیت کی ہے ۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘ گزشتہ صبح سے کچھ خبروں میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بی سی سی آئی نے ایشیا کپ اور ویمنز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ، جو کہ دونوں ایشین کرکٹ کونسل کے ایونٹس ہیں، میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسی خبریں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں کیونکہ اب تک بی سی سی آئی نے نہ ہی اس موضوع پر کوئی بات چیت کی ہے اور نہ ہی اے سی سی کو کسی قسم کا خط لکھا ہے ، اس وقت ہماری بنیادی توجہ آئی پی ایل اور اس کے بعد ہونے والی انگلینڈ سیریز پر مرکوز ہے ۔ بی سی سی آئی جب بھی اے سی سی ایونٹس پر کوئی بات چیت یا کوئی اہم فیصلہ کرے گا تو اس کا اعلان میڈیا کے ذریعے باضابطہ طور پر کیا جائے گا۔واضح رہے کہ بھارتی میڈیا نے گزشتہ صبح بھارتی کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر بھارت نے ایشیا کپ سمیت ایشین کرکٹ کونسل کے تمام ایونٹس سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں