ورلڈ باکسنگ کے صدر نے ایمان خلیف سے معافی مانگ لی
دبئی (سپورٹس ڈیسک ) ورلڈ باکسنگ کے صدر نے الجزائر کی معروف باکسر ایمان خلیف سے معافی مانگ لی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ورلڈ باکسنگ کے صدر بورس وان ڈر فورسٹ نے الجزائر کی معروف باکسر ایمان خلیف کا نام نئے جینڈر ٹیسٹ کی پالیسی کے اعلان میں لینے پر باقاعدہ معذرت کر لی۔رپورٹ کے مطابق خلیف کا نام اس وقت لیا گیا تھا جب ورلڈ باکسنگ نے جمعہ کے روز جنسی جانچ کو لازمی قرار دینے کی پالیسی جاری کی۔ اس اقدام پر مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی، خاص طور پر اس لیے کہ باکسر کی پرائیویسی کو تحفظ فراہم نہیں کیا گیا۔ایمان خلیف نے گزشتہ برس پیرس اولمپکس گیمز میں طلائی تمغہ جیتا تھا، تاہم وہ پہلے ہی انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن (IBA) کی جانب سے کیے گئے ایک متنازعہ جینڈر ٹیسٹ کی وجہ سے خبروں میں رہ چکی ہیں۔ورلڈ باکسنگ، جو کہ آئندہ اولمپک کھیلوں میں باکسنگ کے انتظام کی ذمہ دار نئی عالمی فیڈریشن ہے ، نے تصدیق کی کہ صدر بورس وان ڈر فورسٹ نے الجزائر باکسنگ فیڈریشن سے رابطہ کر کے تحریری معذرت کی ہے ۔بورس وان ڈر فورسٹ نے لکھا کہ میں آپ سب کو ذاتی طور پر ایک باقاعدہ معذرت پیش کر رہا ہوں اور تسلیم کرتا ہوں کہ ایمان خلیف کی نجی معلومات کا تحفظ کیا جانا چاہیے تھا۔ امید کرتے ہیں کہ آپ سے ذاتی طور پر رابطہ کر کے ہم آپ اور آپ کے ایتھلیٹس کے لیے اپنے سچے احترام کا اظہار کر رہے ہیں۔