جو سہولتیں مجھے نہ ملیں وہ پلیئرز کو دینا چاہتا ہوں:اعصام
لاہور(سپورٹس ڈیسک)صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن اعصام الحق قریشی کا کہنا ہے کہ جو سہولتیں اپنے کیریئر میں حاصل نہیں کرسکا، انہیں موجودہ کھلاڑیوں کو دینا چاہتا ہوں۔
صدر پی ٹی ایف اعصام الحق قریشی نے کہا کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا ہے ، پاکستان ٹینس کمپلیکس میں جم، واش رومز، کیفے ، خواتین کھلاڑیوں کیلئے الگ رہائش تعمیر کی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ ٹینس کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت کروائی ہے ، 2 کروڑ روپے سے زائد انعامی رقم پاکستانی کھلاڑیوں نے گزشتہ ایک سال میں جیتی۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کوچز کو مدعو کرکے جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں کے کیمپس حال ہی میں منعقد کروائے ، جونیئر ٹینس کھلاڑیوں کو بیرونِ ملک بھیجنا ترجیحات میں شامل ہیں۔ فیڈریشن اور کھلاڑیوں کو سپانسرز دلوانے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر سے رابطہ کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی سے سیکھنا چاہیے ، کرکٹ کو سب مل رہا لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ مارکیٹنگ کے لیے محنت بھی کرتا ہے ، کھیلوں کی فیڈریشنز کو کمرشلائز ہونے کی آزادی نہیں، دنیا میں ایسا نہیں ہوتا، برانڈز کو سٹیڈیمز، کورٹس میں اشتہارات لگانے کی اجازت دینی چاہیے جس سے پیسہ آئے گا۔