ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کا پرومو،جے شاہ کی تشہیر پر تنقید

لاہور(سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کا پرومو چیئرمین جے شاہ کی ذاتی تشہیر بن گیا ۔ صحافیوں اور کرکٹ مداحوں نے اس معاملے پر جے شاہ کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
فائنل کا پرومو 45 سیکنڈز کا ہے ، جس میں کل 23 شاٹس ہیں، 11 شاٹس جے شاہ کے ، باووما کے 5، مارکرم کے 2، آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اور ربادا کی صرف ایک جھلک موجود تھی۔سری لنکن صحافی نے سوال اٹھایا کہ فائنل میں جے شاہ نے کتنے رنز بنائے ؟ انہوں نے میچ میں کتنی وکٹیں لیں؟بھارتی صحافی کلدیپ لال نے ویڈیو کو ناقابل یقین قرار دیا اور آئی سی سی کی سوشل میڈیا ٹیم پر تنقید کی۔برطانوی صحافی عاطف نواز نے ردعمل دیا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ ویڈیو جے شاہ نے خود اپنے فون سے بنائی اور ایڈیٹ کی ہے ۔ سوشل میڈیاپر ایک صارف نے آئی سی سی کی پرومو ویڈیو پر ردعمل دیا کہ شاید لوگ جے شاہ کو دیکھنے آئے تھے ، اچانک کرکٹ کا میچ شروع کردیا گیا۔برطانوی صحافی چارلی رینلڈز نے کہا کہ ویڈیو میں جے شاہ 11 مرتبہ دیکھائے گئے ہیں جبکہ فاتح ٹیم کو بھی اتنی ہی بار دکھایا گیا ہے ۔صحافی پارل ریڈلے نے کہا کہ ویڈیو دیکھ کر لگ رہا ہے ، فائنل کے مین آف دی میچ جے شاہ تھے ، ایڈین مارکرم بھی سکرین ٹائم کے حقدار نہیں تھے ۔