مانچسٹر میں کریمنل کیس ، قومی کرکٹر حیدر علی معطل

مانچسٹر میں کریمنل کیس ، قومی کرکٹر حیدر علی معطل

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پی سی بی نے قومی کرکٹر حیدر علی کو عارضی طور پر معطل کر دیا۔قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز حیدر علی مانچسٹر میں تنازع کا شکار ہوگئے ، قومی کرکٹر کو 3 روز پہلے مبینہ زیادتی کے الزام میں گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔

حیدر علی تحقیقات مکمل ہونے تک انگلینڈ میں ہی رہیں گے ، پی سی بی کے مطابق قومی ٹیم کے بلے باز حیدر علی مانچسٹر پولیس کے ایک کریمنل کیس میں شامل تفتیش ہیں جس کے باعث انہیں معطل کیا گیا ہے ۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ واقعہ پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران پیش آیا۔پی سی بی کے مطابق مانچسٹر پولیس نے حیدر علی کے خلاف جاری مجرمانہ تحقیقات کے حوالے سے پی سی بی کو آگاہ کردیا ہے ۔ مانچسٹر پولیس واقعہ کے حوالے سے تحقیقات کررہی ہے ۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ حیدر علی کو قانونی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے ۔کیس کے نتائج سامنے آنے تک حیدر علی معطل رہیں گے ۔پی سی بی کے مطابق قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انضباطی کارروائی پر غور ہوگا، قانونی کارروائی کے خاتمے تک پاکستان کرکٹ بورڈ مزید کوئی تفصیلات جاری نہیں کرے گا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے تمام کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور قانونی حقوق کو یقینی بنانے کے اپنے فرض اور ذمہ داری کے مطابق اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ حیدر علی کو اس عمل کے دوران ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مناسب قانونی مدد حاصل ہو۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں