بھارت نے ہماری نہیں کھیل کی توہین کی : سلمان علی آغا

 بھارت نے ہماری نہیں کھیل کی توہین کی : سلمان علی آغا

دبئی (سپورٹس ڈیسک)ایشیا کپ فائنل کے بعد پریس کانفرنس میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھارتی صحافی کے انڈین ٹیم کو ٹرافی نہ دینے کے سوال پر کرارا جوب دیکر خاموش کرادیا۔

بھارتی صحافی کے سوال پر سلمان علی آغا نے جواب دیا کہ بھارت نے جو کیا وہ اچھی ٹیم نہیں کرتی، یہ ہماری نہیں کھیل کی توہین ہے ، اگر اے سی سی کا سربراہ موجود ہے تو وہی ٹرافی دے گا، اگر آپ اس سے ٹرافی نہیں لیں گے تو ٹرافی کیسے ملے گی۔جو کچھ میدان میں ہوا اس کی شروعات ہم نے نہیں کی تھی، آپ کو یہ دیکھنا ہوگا کہ ابتدا کہاں سے ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری پری میچ پریس کانفرنس کا نہ ہونا بھی انہی حالات کا تسلسل تھا، جو کچھ میدان میں ہوا، اسی کے بعد یہ سب ہوا۔ یہ بحث چھوڑ دیں کہ کس نے کیا، اصل بات یہ ہے کہ کھیل کے ساتھ غلط ہو رہا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ کھیل کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہیے ۔ فی الحال ہم بھارت کے خلاف اچھی کرکٹ نہیں کھیل رہے ، لیکن اگر مجموعی کارکردگی دیکھیں تو ہم اب بھی بھارت سے آگے ہیں۔ کرکٹ کا کھیل ادوار کے ساتھ بدلتا ہے ، جلد ایسا وقت آئے گا جب ہم انہیں ویسے ہی ہرانا شروع کر دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بطور کرکٹ فین میں ٹورنامنٹ کے دوران ہونے والے بعض واقعات کی حمایت نہیں کرتا۔ ہمیں سوچنا ہوگا کہ ہم اپنے بچوں کو کیا پیغام دے رہے ہیں۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادو کی پریس کانفرنس میں صحافی نے اُن سے سوال کیا کہ کرکٹ کی تاریخ میں آپ پہلے کپتان ہیں جو کھیل میں سیاست لیکر آئے ہیں۔بھارتی کپتان صحافی کے سوال کا جواب دینے کے بجائے بوکھلا گئے ، انہوں نے صحافی پر غصہ ہونے کا الزام لگا دیا اور سوال سمجھ نہ آنے کا بہانہ کرکے راہ فرار اختیار کرلی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں