2 پیسر ،2سپنر، جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کا پلان تیار: میدان کل سجے گا

 2 پیسر ،2سپنر، جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کا پلان تیار: میدان کل سجے گا

ساجد خان، شاہین آفریدی، نعمان علی اور خرم شہزاد باؤلنگ کے شعبے میں قسمت آزمائیں گے ،بابراعظم ،امام الحق،رضوان بھی ایکشن میں نظر آئینگے قذافی سٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کی 3گھنٹے تک پریکٹس ، کھلاڑیوں کی بھرپور مشقیں ،فیلڈنگ کی بھی بھرپور ٹریننگ ،آج دوپہر بھی پریکٹس سیشن ہوگا

لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان اورجنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ کل سے لاہور میں شروع ہوگا ،قومی ٹیم نے مقابلے 2فاسٹ باؤلر اور 2سپنرز کیساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پلان تیار کرلیا اورجنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستان ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے نام بھی سامنے آگئے ۔ ممکنہ پلیئنگ الیون کیلئے عبداللہ شفیق، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، ساجد خان، شاہین آفریدی، نعمان علی اور خرم شہزاد کے نام فائنل کئے جانے کاامکان ہے ۔جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے بدھ کے روز لاہور پہنچ گئی تھی۔

دونوں ٹیموں نے گزشتہ روز دوپہر کے وقت ٹریننگ کی ،3 گھنٹے تک جاری رہنے والی نیٹ پریکٹس میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بھرپور مشقیں کیں، شاہین آفریدی، حسن علی اور خرم شہزاد نے سکوائر کی پریکٹس پچ پر بیٹرز کا خوب امتحان لیا۔بابر اعظم، شان مسعود اور عبداللہ شفیق نے فاسٹ باؤلرز کے ساتھ ساتھ سپن باؤلرز کے خلاف بھرپور پریکٹس کی، کوچز نے بیٹنگ کے ساتھ کھلاڑیوں کو فیلڈنگ کی بھی ٹریننگ کرائی۔ جنوبی افریقی ٹیم نے بھی خوب مشقیں کیں، اُن کے فاسٹ باؤلرز نے بھی سکوائر کی پچ پر پریکٹس کی۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آج بھی قذافی سٹیڈیم میں ٹریننگ کریں گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان 20 اکتوبر سے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں